مودی حکومت نے معیشت کی اصلاح کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ جی ڈی پی میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے اور اس بار بھی گراوٹ کا ہی اندازہ لگایا جارہا ہے جو مایوس کن ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہندوستان کی معیشت میں گراوٹ کے لیے بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’معیشت میں اصلاح اس کی (مرکزی حکومت ) اولین ترجیح ہونی چاہیے تھی لیکن اس نے اس معاملے کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے جمعرات کے روز اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’معیشت پر بی جے پی حکومت کو سب سے زیادہ توجہ دینی چاہیے تھی لیکن اب معیشت میں اصلاح کا معاملہ ٹھنڈے بستے میں بند ہے۔ جی ڈی پی کا جو تازہ اندازہ سامنے آیا ہے وہ ظاہر کرتا ہے کہ حالات ٹھیک نہیں ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو پیداوار، جی ڈی پی میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے اور اس بار بھی گراوٹ کا ہی اندازہ لگایا جارہا ہے جو مایوس کن ہے۔ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’اس کا سب سے زیادہ اثر تاجر، غریبوں، دہاڑی پر کام کرنے والے مزدوروں اور روزگار پر پڑ رہا ہے۔ حکومت کی طرف سے یقین دہانی جیسی کوئی بھی کارروائی نہیں ہورہی ہے۔‘‘


واضح رہے کہ عالمی بینک نے ہندوستان کی جی ڈی پی شرح کے اندازے کو گھٹا دیا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ہندوستانی جی ڈی پی میں شرح ترقی صرف 5 فیصد تک رہ سکتی ہے۔ اس کے بعد اگلے مالی سال میں بھی ہندوستان کی جی ڈی پی میں صرف 5.8 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ عالمی بینک کے گلوبل اکونومک پروسپیکٹس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں غیر بینکنگ مالی کمپنیوں کی قرض تقسیم کمزور بنی ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔