کانگریس صدر کے یومِ پیدائش پر پرینکا گاندھی نے بنایا ’شگر فری کھجور کیک‘، کھڑگے نے سب کے سامنے کاٹا

پارلیمنٹ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا یومِ پیدائش سادگی کے ساتھ منایا گیا۔ اس دوران پرینکا گاندھی، راہل گاندھی اور دیگر اراکین پارلیمنٹ موجود رہے۔ کھڑگے نے پرینکا کے ہاتھوں سے تیار کیک کاٹا۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے کے یومِ پیدائش پر کیک تقسیم کیے جانے کا منظر</p></div>

ملکارجن کھڑگے کے یومِ پیدائش پر کیک تقسیم کیے جانے کا منظر

user

قومی آواز بیورو

آج 21 جولائی کو کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کا یومِ پیدائش ہے۔ کھڑگے نے اپنا 83واں یومِ پیدائش پارلیمنٹ میں انتہائی سادگی کے ساتھ منایا۔ اس کی تصویر کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے اور یہ بھی جانکاری دی ہے کہ کانگریس صدر کے لیے پرینکا گاندھی نے کھجور کا کیک تیار کیا تھا۔

سپریا شرینیت نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کھڑگے جی میٹھے سے پرہیز کرتے ہیں، آج ان کا یومِ پیدائش ہے تو پرینکا جی نے ان کے لیے بغیر چینی والا کھجور کا کیک بنایا ہے۔ اپنے بڑوں کا ایسے ہی چھوٹی چھوٹی چیزوں سے دھیان رکھنا ہی احترام اور محبت ہے۔ یہی ہمارے آداب ہیں۔‘‘


بہرحال، پارلیمنٹ میں کانگریس صدر کا جب کیک کاٹا گیا تو اس وقت کئی اراکین پارلیمنٹ موجود تھے۔ پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی بھی تصویروں میں دکھائی دے رہے ہیں۔ سبھی کی موجودگی میں کھڑگے نے کیک کاٹا۔ کیک کاٹے جانے کے بعد سبھی نے تالیاں بجائیں اور انھیں نیک خواہشات پیش کیں۔ راہل گاندھی نے کیک کا ایک ٹکڑا کانگریس صدر کو کھلایا۔ اس کے بعد کھڑگے نے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو کیک کھلایا۔ بعد ازاں پرینکا گاندھی نے کھڑگے کو یومِ پیدائش پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک شال پہنا کر ان کی عزت افزائی کی۔ راہل گاندھی نے کھڑگے کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کانگریس صدر کھڑگے کو ان کے یومِ پیدائش پر مبارکباد پیش کی تھی۔ سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد ملکارجن کھڑگے کو ان کے یومِ پیدائش پر نیک خواہشات۔ ان کی طویل عمر اور صحت مند زندگی کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔