پرینکا گاندھی رام پور دورے کے لئے روانہ، مہلوک کسان نوریت کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گی

پرینکا گاندھی آج یومِ جمہوریہ پر دہلی تشدد میں جان گنوانے والے نوریت سنگھ کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے اور تعزیت کا اظہار کرنے کے لئے یوپی کے ضلع رام پور کا دورہ کر رہی ہیں

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی دہلی میں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے تشدد میں جان گنوانے والے نوریت سنگھ کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے اور تعزیت کا اظہار کرنے کے لئے اتر پردیش کے ضلع رام پور کا دورہ کر رہی ہیں۔ نوریت سنگھ کی ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے حادثہ میں جان چلی گئی تھی۔

یوپی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا، ’’ہمیں معلوم چلا ہے کہ ایک کسان نوریت، جو کینیڈا سے آئے تھے اور پُر امن طریقہ سے احتجاج میں شرکت کر رہے تھے، ان کی جان ٹریکٹر ریلی کے دوران چلی گئی۔ پرینکا گاندھی آج ان کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گی اور تعزیت کا اظہار کریں گی۔‘‘


اس واقعے کے بعد دہلی پولیس نے ایک ویڈیو فوٹیج جاری کی تھی، جس میں نظر آ رہا ہے کہ آئی ٹی او کے قریب پولیس کی بندش کو توڑنے کی کوشش میں تیزرفتاری سے آ رہا ایک ٹریکٹر الٹ گیا اور کچھ لوگوں پر گر پڑا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کی موت حادثے کی وجہ سے واقع ہوئی۔

یہ واقعہ 26 جنوری کو اس وقت پیش آیا تھا جب کسانوں کی ٹریکٹر پریڈ دہلی پولیس کی طرف سے مقرر کئے گئے راستہ سے بھٹک کر دہلی میں داخل ہو گئی تھی۔ اس کے بعد کسن مشتعل ہو گئے تھے اور پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا تھا۔


اس کے بعد کچھ فسادی لال قلعہ تک پہنچ گئے تھے اور وہاں انہوں نے اپنی تنظیم اور سکھوں کے مذہبی نشان والا پرچم لال قلعہ پر لہرا دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔