سون بھدر قتل عام کے متاثرین سے کیا وعدہ پرینکا نے پورا کیا، اُمبھا میں امنڈا عوامی سیلاب

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سون بھدر کے امبھا گاوں پہنچ گئی ہیں۔ یہاں وہ اپنے اس وعدے کو نبھانے کے لیے پہنچی ہیں جو انھوں نے متاثرہ فیملی سے کیا تھا۔

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی منگل کے روز امبھا گاوں پہنچیں۔ یہاں پرینکا گاندھی نے سون بھدر قتل عام میں مارے گئے لوگوں کے گھر والوں سے زمین پر بیٹھ کر بات چیت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ مہینے امبھا گاؤں میں زمین کے لیے 10 گونڈ قبائلیوں کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔


اس سے قبل منگل کو پرینکا گاندھی نے وارانسی ہوائی اڈے پر کانگریس کارکنان سے ملاقات کی اور پھر سڑک کے ذریعہ سون بھدر ضلع کے امبھا گاؤں کے لیے روانہ ہو گئیں۔ جیسے ہی ان کی گاڑی مرزا پور کے نارائن پور پہنچی تو لوگوں کو دیکھ کر انھوں نے اپنی گاڑی رکوا دی۔ اس دوران وہاں کھڑی خواتین نے پرینکا کا استقبال کیا۔ پرینکا گاندھی بھیڑ کے درمیان جا پہنچیں، جہاں لوگوں نے انھیں مالا پہنائی۔ اس دوران ایس پی جی سیکورٹی میں لگے جوان لوگوں کو دور کرتے رہے لیکن پرینکا نے سب سے ہاتھ ملایا اور مسکراتے ہوئے استقبال کر واپس اپنی کار میں سوار ہو کر سون بھدرکے لیے روانہ ہو گئیں۔


اس دوران پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ "چنار کے قلع پر مجھ سے ملنے آئے امبھا گاؤں کی متاثرہ فیملی کے اراکین سے میں نے وعدہ کیا تھا کہ میں ان کے گاؤں آوں گی۔ آج میں امبھا گاؤں کے بہنوں و بھائیوں اور بچوں سے ملنے، ان کا حال چال سننے و دیکھنے، ان کی جدوجہد کو ساجھا کرنے سون بھدر جا رہی ہوں۔"


پرینکا گاندھی سے بابت پور ائیر پورٹ پر میڈیا نے کئی بار بات کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ بچتی رہیں۔ ہوائی اڈہ پہنچنے کے بعد ائیر پورٹ کے وی آئی پی گیٹ کے باہر نکلنے کے بعد قطار بند کھڑے کانگریس کے لیڈروں اور کارکنان سے انھوں نے ملاقات کی۔ اس کے بعد پرینکا سڑک کے ذریعہ سون بھدر کے لیے روانہ ہو گئیں۔

پرینکا گاندھی کے ساتھ پوروانچل کے کئی اضلاع کے کانگریس کے عہدیداروں اور کارکنان بھی تھے۔ پرینکا سون بھدر کے امبھا گاؤں میں قتل عام کے متاثرین کے ساتھ رہیں گی۔ اس کے لیے امبھا کے پرائمری اسکول میں انتظام کیا گیا ہے۔


غور طلب ہے کہ 17جولائی کو اراضی پر قبضہ کرنے کو لے کر امبھا گاؤں میں قتل عام ہوا تھا۔ اس میں دس لوگوں کی جان چلی گئی تھی اور 28 لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ واقعہ کے دو دن بعد ہی 19 جولائی کو پرینکا گاندھی لوگوں سے ملنے کے لیے جا رہی تھیں۔ راستے میں ہی انھیں نارائن پور میں روک دیا گیا۔ اس دوران وہ وہیں دھرنے پر بیٹھ گئیں۔ اس کے بعد انھیں نارائن سے چنار واقع گیسٹ ہاوس لے جایا گیا، جہاں انھوں نے رات گزاری۔ وہیں پہنچی امبھا گاؤں کی خواتین سے مل کر پرینکا واپس چلی گئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔