’فوجی کیمپ میں لینڈ سلائیڈ کے سبب جوانوں کی شہادت افسوسناک‘، پرینکا گاندھی کا اظہارِ غم

سکم میں ایک فوجی کیمپ لینڈ سلائیڈ کی زد میں آ گیا، جس کے سبب کم از کم 3 جوان شہید ہو گئے۔ اس خبر پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ ’’غمزدہ کنبوں کے تئیں میری گہری ہمدردی ہے۔‘‘

راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

سکم واقع لاچین میں فوج کا ایک کیمپ لینڈ سلائیڈ کی زد میں آ گیا، جس سے کم از کم 3 فوجی اہلکاروں کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 6 فوجی لاپتہ بھی ہو گئے ہیں، جن کی تلاش شدت کے ساتھ جاری ہے۔ پیر کے روز ایک دفاعی افسر نے بتایا کہ لاپتہ فوجیوں کے لیے دفاعی مہم جاری ہے۔ بچاؤ ٹیم بے حد چیلنج بھرے علاقے اور مشکل حالات میں لگاتار کام کر رہی ہے۔ افسر نے یہ بھی مطلع کیا کہ منگن ضلع کے لاچین نگر میں شدید بارش کے سبب یہ لینڈ سلائیڈ کا واقعہ اتوار کی شام تقریباً 7 بجے پیش آیا۔

اس دردناک خبر پر کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سکم میں فوجی کیمپ میں لینڈ سلائیڈ کے سبب ہمارے جوانوں کے شہید ہونے کی خبر انتہائی غمناک ہے۔ ایشور ہلاک شدگان کی روح کو سکون پہنچائے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’غمزدہ کنبوں کے تئیں میری ہمدردی۔ ملک ہمارے شہیدوں اور ان کے اہل خانہ کا ہمیشہ قرض دار رہے گا۔‘‘


اس سے قبل شمال مشرقی ریاستوں کے خراب موسم اور سیلاب والی حالت پر بھی پرینکا گاندھی نے اپنی فکر کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’آسام، اروناچل سمیت شمال مشرق کی ریاستوں میں شدید بارش سے ہوئی اموات کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ لاکھوں لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔ ایشور سبھی کی حفاظت کریں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مرکزی و ریاستی حکومت سے یہ اپیل بھی کی کہ راحت و بچاؤ میں تیزی لائی جائے، تاکہ لوگوں کو کم از کم تکلیف اٹھانی پڑے۔ انھوں نے کانگریس لیڈران و کارکنان سے بھی یہ گزارش کی کہ متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کریں۔

شمال مشرقی ریاستوں میں سیلاب اور شدید بارش کے سبب پیدا مشکل حالات پر کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’شمال مشرقی ریاستوں، خصوصاً آسام اور اروناچل پردیش میں شدید بارش سے ہوئی ہلاکتوں کی خبر انتہائی دردناک ہے۔ اس بحران کے وقت گواہاٹی میں حالات بے حد فکر انگیز ہیں۔ معمولات زندگی پوری طرح سے درہم برہم ہو گیا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ راحت و بچاؤ کاموں کو تیز کیا جائے اور ہر ضرورت مند تک فوراً مدد پہنچائی جائے۔‘‘ راہل گاندھی نے بھی کانگریس لیڈران و کارکنان سے متاثرین کی مدد کرنے کی گزارش کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔