وائناڈ پہنچی پرینکا گاندھی نے ’ایس آئی آر‘ کی مخالفت کا کیا اعلان، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن نے بھی کی حمایت

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہم نے بہار میں ایس آئی آر کی مخالفت کی تھی، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ، اور آگے بھی ہر جگہ اس کی مخالفت جاری رہے گی۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ کیرالہ میں ’ایس آئی آر‘ (ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی) کی مخالفت کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح بہار میں ایس آئی آر کے نام پر دھاندلی ہوئی، ویسا ہی کھیل اب دوسری ریاستوں میں بھی کھیلا جا رہا ہے، اور کانگریس اسے کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کرے گی۔

یہ بیان پرینکا گاندھی نے آج وائناڈ پہنچنے کے بعد دیا۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کئی ریاستوں میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کرنے کی تیاری میں ہے، جس میں کیرالہ بھی شامل ہے۔ پرینکا کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے بہار میں بھی اس کی مخالفت کی تھی، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ، اور آگے بھی ہر جگہ اس کی مخالفت جاری رہے گی۔‘‘ پرینکا نے ایس آئی آر کو دھوکہ دہی اور انتخابی جعل سازی کا ایک طریقہ بتایا اور کہا کہ یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔


بہار کا حوالہ دیتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ بہار میں جس طرح سے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کی گئی، اس سے صاف ہے کہ اس کا مقصد لوگوں کے ووٹنگ حقوق کو محدود کرنا ہے۔ انھوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہی طریقہ ملک بھر میں اختیار کیا گیا تو یہ جمہوریت پر حملہ ہوگا۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’ہم نے دیکھا ہے کہ بہار میں کیا ہوا، اور اگر وہی باقی ریاستوں میں دہرایا گیا تو یہ جمہوریت کی بے حرمتی ہوگی۔‘‘

واضح رہے کہ پرینکا گاندھی وائناڈ کے 2 روزہ دورے پر ہیں، جہاں وہ اپنے پارلیمانی حلقہ میں کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گی۔ وہ بدھ کی صبح کاریپور ایئرپورٹ پہنچیں اور سڑک کے راستہ سے وائناڈ تک سفر کیا۔ اس دوران انھوں نے ملپورم ضلع کے ایرناڈ میں راجیو گاندھی میموریل گورنمنٹ آیوروید ڈسپنسری کی نئی عمارت کا افتتاح بھی کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وہ اپنے دورے میں مقامی لوگوں سے ملاقات کر ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیں گی۔


بہرحال، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بھی ’ایس آئی آر‘ معاملے پر پرینکا گاندھی کے رخ کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2 نومبر کو ہونے والی آل پارٹی میٹنگ جمہوریت کی حفاظت کے لیے طلب کی گئی ہے۔ اسٹالن نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ’ایس آئی آر‘ کے ذریعہ تمل ناڈو کی عوام کے ووٹنگ حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹ دینا جمہوریت کی بنیاد ہے، ہم کسی بھی قیمت پر اسے قربان نہیں کریں گے۔ اسٹالن نے سبھی سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ نااتفاقی کو فراموش کر اس میٹنگ میں شامل ہوں اور جمہوریت کی حفاظت کے لیے متحد ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔