’آپ میری آدرش ہیں، دادی‘، اندرا گاندھی کے یومِ پیدائش پر پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی نے پیش کیا خراجِ عقیدت
پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی نے اندرا گاندھی کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ان کی ہمت، ملک کے لیے فیصلوں اور قومی یکجہتی کے لیے خدمات کو یاد کیا

نئی دہلی: کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بدھ کے روز ہندوستان کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں پرینکا نے نہ صرف اندرا گاندھی کی سیاسی میراث کو سراہا بلکہ انہیں اپنی ذاتی زندگی کی رہنما قوت بھی قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری پیغام میں پرینکا گاندھی نے لکھا کہ اندرا گاندھی کا پورا وجود ’محبتِ وطن، رحم دلی، طاقت، حوصلہ، لگن اور قربانی‘ جیسے اوصاف سے تشکیل پایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی نے دنیا کو ہندوستان کی قوت کا احساس دلایا، ملک کو نیوکلیئر طاقت بنایا اور قومی انفراسٹرکچر کو مضبوط کر کے ملک کی بنیادوں کو استحکام بخشا۔ پرینکا نے مزید کہا، ’’دادی، آپ میری آدرش ہیں اور آپ کے دیے ہوئے اصول اور قدریں ہمیشہ میرے ساتھ رہتی ہیں۔‘‘
اس سے پہلے لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے بھی اندرا گاندھی کو ان کی خدمات اور جرأت مندانہ قیادت کے لیے یاد کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کی دادی نے ہمیشہ ملک کے مفاد کو سب سے اوپر رکھا اور مشکل ترین حالات میں بھی بلا خوف فیصلے کیے۔ راہل گاندھی کے مطابق اندرا گاندھی کی ملک سے محبت، آہنی عزم اور اخلاقی صاف گوئی ہی وہ عناصر ہیں جو انہیں ’’ہر طرح کے ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کی طاقت‘‘ دیتے ہیں۔
راہل گاندھی، سی پی پی چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کے دیگر کئی رہنما بدھ کی صبح دہلی کے شکتی استھل پہنچے، جہاں انہوں نے اندرا گاندھی کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اندرا گاندھی کی مثالی قیادت اور بے مثال ہمت ملک کے لیے ہمیشہ ایک روشن مثال رہے گی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اندرا گاندھی نے عوامی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا تھا، اور ان کی ثابت قدمی نے ہندوستان کی ترقی کے سفر پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔ کھڑگے نے کہا، ’’قوم کی یکجہتی کے تحفظ کے لیے ان کی قربانی لاکھوں سلام کی حق دار ہے۔‘‘
یاد رہے کہ اندرا گاندھی کو دنیا آئرن لیڈی آف انڈیا کے نام سے جانتی ہے۔ 19 نومبر 1917 کو الہ آباد (موجودہ پریاگ راج) میں ایک کشمیری خاندان میں پیدا ہونے والی اندرا گاندھی، ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو اور کملا نہرو کی اکلوتی بیٹی تھیں۔ انہیں ہندوستان کی سیاسی تاریخ میں غیر معمولی حیثیت حاصل ہے۔ ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر ہر سال قومی یوم یکجہتی (نیشنل انٹیگریشن ڈے) بھی منایا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔