راجستھان میں پرائیویٹ ڈاکٹروں کی ہڑتال! 24 گھنٹے کے لیے میڈیکل خدمات متاثر ہونے کا اندیشہ
تمام نجی اسپتال مشاورت (اوپی ڈی)، بھرتی (آئی پی ڈی) اور معمول کی سرجریوں کے لیے بند رہیں گے۔ ایمرجنسی کی صورت میں مریض سرکاری ڈسٹرکٹ اسپتالوں یا میڈیکل کالجوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔

راجستھان میں ایک ڈاکٹر کی گرفتاری سے ناراض پرائیویٹ ڈاکٹروں کی طرف سے ایک روزہ ہڑتال کے اعلان سے میڈیکل شعبے میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریاست میں پرائیویٹ اسپتالوں کی خدمات 24 گھنٹے کے لیے بند ہونے والی ہیں۔ یہ فیصلہ جے پور کے ایک نجی اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سون دیو بنسل کی گرفتاری کے خلاف احتجاج میں لیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ریاست بھر کے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کی راجستھان یونٹ نے اعلان کیا ہے کہ 14 اپریل کی صبح 8 بجے سے 15 اپریل کی صبح 8 بجے تک تمام پرائیویٹ اسپتالوں میں او پی ڈی اور آئی پی ڈی خدمات مکمل طور پر بند رہیں گی۔ اس دوران ڈاکٹرز ہڑتال پر رہیں گے اور صرف محدود ایمرجنسی سروسز دستیاب ہوں گی۔
اطلاعات کے مطابق یہ احتجاج اس وقت شروع ہوا جب جے پور کے ایک پرائیویٹ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سوندیو بنسل کو حال ہی میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر طبی لاپرواہی کا الزام لگایا گیا ہے۔ حالانکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پہلے سے تشکیل شدہ میڈیکل بورڈ نے اپنی تحقیقات میں کوئی لاپرواہی نہیں پائی تھی۔ آئی ایم اے راجستھان کے صدر ڈاکٹر مہیش شرما نے اس گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی غلط ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر بنسل کی گرفتاری راجستھان گورنمنٹ ہیلتھ اسکیم (آرجی ایچ ایس) سے متعلق معمولی بے ضابطگیوں پر مبنی تھی، جو صحیح نہیں ہے۔
ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے طبی شعبے میں خوف کی فضا پیدا ہوتی ہے اور ڈاکٹر آزادانہ طور پر کام نہیں کرپاتے ہیں۔ اس لیے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے اس کا فوری حل نکالے۔ اگرچہ یہ ہڑتال عام لوگوں کے لیے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں خلل کا سبب بن سکتی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ قدم ان کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
ڈی سی پی ساؤتھ راج رشی راج کے مطابق یہ معاملہ اکتوبر 2025 میں درج ایک شکایت سے متعلق ہے۔ جس میں جتیندر کمار شرما نے الزام لگایا ہے کہ ان کی ماں ششی شرما کے علاج کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے گئے لیکن کوئی بل یا رسید نہیں دی گئی۔ علاج کے دوران ان کی ماں کی موت ہوگئی۔ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ اسپتال نے سرکاری اسکیم (آرجی ایچ ایس) کا غلط فائدہ اٹھانے کے لیےمریض کو بار بار ’ڈسچارج‘ اور ’بھرتی‘ دکھایا گیا۔ ایف ایس ایل رپورٹ میں تصدیق ہوئی کہ رضامندی کے فارم پر تاریخوں میں ردوبدل کرکے اور پورٹل پر اپ لوڈ کرکے جعلی ریکارڈ بنائے گئے۔ انہیں الزامات کی تصدیق ہونے پر پولیس نے ڈاکٹر بنسل کو گرفتار کیا ہے۔
آئی ایم اے کے اعلان کے مطابق یہ ہڑتال 14 اپریل کی صبح 8:00 بجے سے 15 اپریل کی صبح 8:00 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مدت کے دوران تمام نجی اسپتال مشاورت (اوپی ڈی)، بھرتی (آئی پی ڈی) اور معمول کی سرجریوں کے لیے بند رہیں گے۔ ایمرجنسی کی صورت میں مریض سرکاری ڈسٹرکٹ اسپتالوں یا میڈیکل کالجوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔