چار سالوں میں وزیراعظم مودی نے گھوم لی پوری دنیا
گزشتہ 4 سالوں میں وزیر اعظم مودی کے غیر ملکی دورے پر مجموعی طور پر 1,484 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ جواب تک کسی بھی وزیراعظم کے غیرملکی دوروں کے خرچ سے کئی گنازیادہ ہے۔

نئی دہلی:سرکاری خزانے کا’بہتر‘استعمال کیسے کیاجاتاہے؟یہ کوئی ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی سے پوچھے۔اکثرغیرملکی دورے پررہنے والے نریندرمودی کاسفراب تک کے وزرائے اعظم کے مقابلے سب سے خرچیلابتایاجارہاہے۔یہ پیرکوتب سامنے آیاجب نریندرمودی اسی روز افریقہ دورے پر روانہ ہورہے تھے۔خبروں کے مطابق وہ افریقی ممالک روانڈا اور یوگینڈا کا سفر کریں گے۔ اس طرح 54 ممالک کی فہرست میں دواور نام شامل ہوگئے ہیں جن کا وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 4 سالوں میں دورہ کیا ہے۔ اگر یہ کہا جاتا ہے کہ وزیراعظم مودی نے پوری دنیاگھوم لی ہے تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن اکثروزیراعظم مودی کے ایک کے بعدایک غیرملکی دوروں اوراس پرہورہے اخراجات کولے کرتنقیدکرتارہاہے۔گزشتہ 4 سالوں میں وزیر اعظم مودی کے غیر ملکی دورے پر مجموعی طور پر 1,484 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔جواب تک کے ملک کے کسی بھی وزیراعظم کے غیرملکی دوروں کے خرچ سے کئی گنازیادہ ہے۔
امورخارجہ کے وزیرمملکت وی کے سنگھ نے آرٹی آئی کے تحت پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں راجیہ سبھا میں یہ اعدادوشمارپیش کئے۔بتادیں کہ وزیراعظم مودی کے مقابلے پچھلے 9 سالوں کے اپنے دوراقتدار میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے غیر ملکی دوروں پر 642 کروڑ روپئے خرچ ہوئے تھے۔وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے اب تک کے دوراقتدارمیں کل 171 دن غیرملکی دوروں پررہے ہیں یعنی وزیراعظم نے تقریبا ً6 ماہ کاوقت غیرممالک میں گزاراہے۔ اس طرح وزیر اعظم کے طورپرمودی کا12 فیصد وقت غیرملکی دورے میں گزرا ہے۔
سب سے زیادہ مہنگا غیر ملکی دورہ
بات اگر وزیر اعظم نریندر مودی کے سب سے مہنگے غیرملکی دورے کی کریں تواپریل2015 میں فرانس، جرمنی اور کینیڈا کا دورہ سب سے زیادہ مہنگا ثابت ہواتھا۔صرف چارٹرڈطیارہ اور ہاٹ لائن سہولت پر 32 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
نریندر مودی نے وزیر اعظم کے طور پر سب سے زیادہ امریکہ کا دورہ کیا ہے۔ان کے غیرملکی دورے کے لحاظ سے جولائی سے نومبرکاوقت سب سے زیادہ مصروف رہتاہے کیونکہ اسی دوران برکس اور مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس کا انعقاد ہوتا ہے۔وزیراعظم مودی کے غیر ملکی دوروں کے لئے پانچ بارانڈین ایئر فورس کے ایئرکرافٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔