وزیر اعظم نریندر مودی نے ’کرتویہ بھون-3‘ کا کیا افتتاح، 2031 تک مکمل ہوگا سنٹرل وِسٹا پروجیکٹ

منوہر لال کھٹر نے بتایا کہ سنٹرل وسٹا منصوبہ کا یہ کام دسمبر 2031 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے تحت ہی وزیر اعظم کے لیے نئی رہائش گاہ اور دفتر بھی بنائے جا رہے ہیں، جس کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم نریندر مودی، تصویر بشکریہ&nbsp;@narendramodi</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے کرتویہ بھون پتھ پر نئے تعمیر شدہ ’کرتویہ بھون-3‘ کا 6 اگست کو افتتاح کیا۔ ساتھ ہی وہ شام 6 بجے کرتویہ پتھ پر ایک جلسۂ عام سے خطاب کریں گے۔ سنٹرل وِسٹا منصوبہ کے تحت مرکزی وزارتوں اور محکموں کے لیے ایسی کُل 10 عمارتوں کی تعمیر ہونی ہے، ان میں سے کرتویہ بھون-3 بن کر تیار ہو گیا ہے۔ پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد کرایے کے طور پر خرچ ہونے والے 1500 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔

مختلف وزارتوں اور محکموں کو ایک ساتھ کرتویہ بھون میں منتقل کیا جائے گا، جس کی وجہ سے کارکردگی، جدت اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ اس میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت دیہی ترقیات، ایم ایس ایم ای کی وزارت، محکمہ عملہ اور تربیت (ڈی او پی ٹی)، پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت/محکمہ اور پرنسپل سائنسی مشیر کے دفاتر ہوں گے۔ تقریباً 1.5 لاکھ مربع میٹر کے رقبہ میں پھیلے اس جدید ترین دفتری کمپلیکس میں 2 بیسمنٹ اور 7 منزلیں ہیں۔ موجودہ وقت میں کئی اہم وزارت 1950 اور 1970 کی دہائی کے درمیان تعمیر کردہ شاستری بھون، کرشی بھون، ادیوگ بھون اور نِرمان بھون جیسی پرانی عمارتوں سے کام کرتے ہیں۔ واضح ہو کہ موجودہ وقت میں مرکزی حکومت کے پاس تقریباً 55 وزارت اور 39 محکمے ہیں۔


کرتویہ بھون میں محفوظ اور آئی ٹی سے مزین کام کی جگہ، اسمارٹ انٹری سسٹم، الیکٹرانک نگرانی، کمانڈ سنٹر، سولر پینل، سولر واٹر ہیٹر اور ای-واہن چارجنگ اسٹیش جیسی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہ ماحولیات کے موافق تعمیر کو بھی فروغ دیتا ہے، جس میں گندے پانی کا دوبارہ استعمال اور ٹھوس فضلہ کا انتظام شامل ہے۔ عمارت کو ٹھنڈا رکھنے اور خارجی صوتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اس میں شیشے کی خاص کھڑکیاں لگائی گئی ہیں۔ کرتویہ بھون کو 30 فیصد کم توانائی کی کھپت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ توانائی کی بچت کرنے والی ایل ای ڈی لائٹیں، ضرورت نہ ہونے پر لائٹیں بند کرنے والے سینسر، بجلی بچانے والی اسمارٹ لفٹس اور بجلی کے استعمال کو منظم کرنے کا ایک ایڈوانسڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔

شہری امور کے وزیر منوہر لال کھٹر نے اس موقع پر نئے تعمیر شدہ کرتویہ بھون-3 کے آڈیٹوریم میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں بتایا کہ آئندہ ماہ تک کرتویہ بھون-1 اور کرتویہ بھون-2 بھی بن کر تیار ہو جائیں گے۔ دونوں کا کام تقریباً آخری مرحلے میں ہے۔ مجوزہ دیگر 7 بھون بھی اپریل 2027 تک بن کر تیار ہو جائیں گے۔ منوہر لال کھٹر کے مطابق اس منصوبہ پر تقریباً 1000 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ وزارت کے لیے بنائے جا رہے ان عمارتوں میں ٹیکنالوجی، سیکورٹی اور ماحولیاتی موافقت کا مکمل خیال رکھا گیا ہے۔ پورے بھون کی نگرانی کے لیے ایک کمانڈ سی سی ٹی وی سنٹر بھی بنایا گیا ہے، جہاں سے کمپلیکس اور اندرونی راہداریوں پر سخت نظر رکھی جائے گی۔ ان کرتویہ بھونوں کو میٹرو لائن سے جوڑنے کے لیے اندرپرستھ میٹرو اسٹیشن سے ایک نئی لائن بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔


واضح ہو کہ کرتویہ بھونوں کے تیار ہوتے ہی نارتھ اور ساؤتھ بلاک میں موجود تمام وزارت کو وہاں سے منتقل کر دیا جائے گا۔ دونوں ہی بلاک کو خالی کرا کر ان میں ہندوستان کا میوزیم بنایا جائے گا۔ اس دوران ڈھانچے کے ساتھ کسی طرح کا چھیڑ چھاڑ کیے بغر اس میں مہابھارت کے زمانہ سے لے کر ملک کی آج تک کی تاریخ، فن اور ثقفات وغیرہ کو دکھایا جائے گا۔ مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر نے بتایا کہ سنٹرل وسٹا منصوبہ کا یہ کام  دسمبر 2031 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے تحت ہی وزیر اعظم کے لیے نئی رہائش گاہ اور دفتر بھی بنائے جا رہے ہیں، جس کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سنٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت حکومت پہلے ہی پارلیمنٹ ہاؤس اور نائب صدر کے انکلیو کی تعمیر کر چکی ہے، ساتھ ہی وجے چوک سے انڈیا گیٹ تک پھیلے کرتویہ پتھ کی بھی تعمیر نو ہو چکی ہے۔ اس منصوبے کے تحت، مرکزی سیکرٹریٹ کے علاوہ، حکومت ایک ایگزیکٹو انکلیو بھی تعمیر کرے گی جس میں ایک نیا وزیر اعظم کا دفتر (پی ایم او)، کابینہ سیکرٹریٹ، انڈیا ہاؤس اور قومی سلامتی کونسل سیکرٹریٹ ہوگا۔ دوسرے مرحلے کے تحت وزیراعظم کی نئی رہائش گاہ بھی تعمیر کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔