اسرائیل-حماس جنگ میں عام شہریوں کی ہلاکت پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کی مذمت، مذاکرات کا مطالبہ

وزیر اعظم نریندر مودی نے دوسری وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ کے افتتاحی سیشن میں اپنی تقریر کے دوران تشدد اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے غیر متزلزل موقف پر زور دیا

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے جنگ کی وجہ سے مغربی ایشیا میں بڑھتے ہوئے چیلنجوں کے پس منظر میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ کے افتتاحی سیشن میں اپنی تقریر کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے تشدد اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے غیر متزلزل موقف پر زور دیا۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی 7 اکتوبر کو حماس کی طرف سے اسرائیل پر حملہ کو دہشت گردی قرار دے چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے جنگ کے خاتمے کے مقصد کے حصول کے لیے تحمل سے کام لینے اور بات چیت کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا۔


وزیر اعظم نے کہا، ’’یہ ہم سب پر واضح ہے کہ مغربی ایشیا کے خطے میں رونما ہونے والے واقعات کی وجہ سے نئے چیلنجز ابھر رہے ہیں۔ ہندوستان نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ ہم نے تحمل کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔ ہم نے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا ہے۔ ہم اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’فلسطینی صدر محمود عباس سے بات کرنے کے بعد ہم نے فلسطین کے لوگوں کے لیے انسانی امداد بھی بھیجی ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو عالمی مفادات کے لیے متحد ہو جانا چاہیے۔‘‘

گلوبل ساؤتھ ممالک کا ایک گروپ ہے جو بنیادی طور پر ایشیا، افریقہ اور جنوبی امریکہ کے براعظموں میں زمین کے جنوبی نصف کرہ میں واقع ہے، جہاں اقتصادی ترقی مختلف ہوتی ہے۔ اگرچہ ان ممالک کی خصوصیات ایک جیسی نہیں ہیں لیکن ان ممالک میں غربت، عدم مساوات اور وسائل تک محدود رسائی جیسے چیلنجز ایک جیسے ہیں۔


گزشتہ ماہ 7 اکتوبر کو فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل پر زمینی سمندری فضائی حملوں کے بعد سے اب تک 1200 سے زائد اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ جوابی کارروائی میں اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں حماس کے مضبوط گڑھ پر فضائی حملے کیے جس میں 11000 سے زائد افراد جان بحق ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔