وزیر اعظم مودی نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مبارکباد پیش کی

وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم مودی نے یہ خط شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھیجا ہے

شہباز شریف نریندر مودی
شہباز شریف نریندر مودی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم مودی نے یہ خط شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھیجا ہے۔

حکومت کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف کو بھیجے گئے خط میں وزیر اعظم مودی نے انہیں مبارکباد دینے کے علاوہ انہیں دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ترغیب دی ہے۔ حال میں ٹوئٹر پر دنوں لیڈران کی بات چیت کی طرز پر ہی نیک خواہشات کے علاوہ بات چت کے لئے دہشت گردی سے پاک ماحول تشکیل دینے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ ہندوستان بھی غربت سمیت دیگر مسائل سے بات چیت کے ذریعے اور یکجا ہو کر نمٹنا چاہتا ہے۔


خیال رہے کہ وزیر اعظم مودی نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی اپنی حلف برداری کے لیے مدعو کیا تھا اور خود ان سے ملاقات کے لیے لاہور بھی گئے تھے۔ تاہم، بعد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات خراب ہو گئے۔ شہباز شریف نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیراعظم بن گئے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا گیا تھا۔ شہباز شریف نے ملک کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ انہیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حلف دلایا۔

قبل ازیں، پیر کے روز پاکستان کی پارلیمنٹ نے شہباز شریف کو وزیر اعظم منتخب کیا۔ ان کے حق میں 174 ووٹ پڑے۔ اس دوران عمران خان اور ان کی جماعت پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی موجود نہیں تھے۔ پی ٹی آئی نے اس سارے عمل کا بائیکاٹ کیا۔

ملک کے 22ویں وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹایا گیا اور وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں جنہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا۔ عمران خان نے 18 اگست 2018 کو پاکستان کے وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔ اور وہ تین سال سات ماہ اور 23 دن وزیراعظم رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔