وزیر اعظم مودی آج رائے پور، گورکھپور اور وارانسی کا کریں گے دورہ

وزیر اعظم مودی رائے پور میں ریاست کے لوگوں کو سات ہزار کروڑ کا تحفہ دیں گے، اس کے بعد وہ وارانسی اور گورکھپور کے لیے روانہ ہوں گے

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم مودی / ٹوئٹر</p></div>

وزیر اعظم مودی / ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

وارانسی: وزیر اعظم مودی آج 4 ریاستوں (یوپی، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور راجستھان) کے دو روزہ دورے پر روانہ ہو رہے ہیں۔ اس دوران وہ 50 ہزار کروڑ کے تعمیراتی کاموں سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہاں وہ کئی پروگراموں میں شرکت کریں گے اور عوام سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم مودی سب سے پہلے چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور پہنچیں گے اورر یہاں صبح 10.45 بجے سائنس کالج میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم یہاں تقریباً 7600 کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دوسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی کا کانگریس کی حکومت والی ریاست چھتیس گڑھ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ خیال رہے کہ چھتیس گڑھ میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔


ایک عہدیدار کے مطابق وزیر اعظم مودی ’پرائم منسٹر نیشنل ہائی وے 30‘ کے 33 کلومیٹر کے رائے پور-کوڈی بوڈ سیکشن کی چار لین اور این ایچ-130 کے 53 کلومیٹر کے چار لین والے بلاس پور-پتھراپالی سیکشن کو قوم کے نام وقف کریں گے۔

وزیر اعظم آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت استفادہ کنندگان میں 75 لاکھ کارڈ کی تقسیم کا بھی افتتاح کریں گے اور انٹا گڑھ (کانکیر ضلع) سے رائے پور تک ایک نئی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم اسی مقام پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

پی ایم مودی کے دورے کے پیش نظر تقریب کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر حفاظتی حصار قائم کیا گیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شہر کے قلب میں واقع اس علاقے میں کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں ریاستی پولیس کے اہلکاروں کے علاوہ اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے دستے بھی شامل ہیں۔


پی ایم مودی رائے پور سے یوپی کے گورکھپور پہنچیں گے اور دوپہر کو گیتا پریس کی صد سالہ تقریبات کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پروگرام کے دوران وہ لیلا چترا مندر جائیں گے اور گیتا پریس کے ٹرسٹیوں کے ساتھ فوٹو سیشن میں حصہ لیں گے۔ اس کے ساتھ وہ ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ حکام نے بتایا کہ گورکھپور میں وزیر اعظم مودی سہ پہر 3.40 بجے پلیٹ فارم نمبر 1 سے گورکھپور-لکھنؤ وندے بھارت ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔

وزیر اعظم مودی اس کے بعد وارانسی کے لیے روانہ ہوں گے۔ دو روزہ دورے کے بارے میں بی جے پی کاشی خطے کے علاقائی صدر دلیپ سنگھ پٹیل نے بتایا کہ پی ایم مودی 7 جولائی کو تقریباً 4.30 بجے وارانسی ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ یہاں سے سیدھے مقام تقریب پر پہنچیں گے اور 20 استفادہ کنندگان سے بات چیت کریں گے۔ جس کے بعد ان کی اسٹیج پر آمد ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔