پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے عین قبل وزیر اعظم مودی نے سونیا گاندھی سے کی بات

وزیر اعظم سونیا گاندھی کی بنچ کے پاس گئے اور نمسکار کہا۔ سونیا گاندھی نے بھی کھڑے ہو کر وزیر اعظم کا استقبال کیا اور نمسکار کا جواب دیا۔

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا کی کارروائی 11 بجے شروع ہونے سے دو منٹ قبل ایوان میں پہنچے اور اپوزیشن بنچوں کی طرف گئے۔ دریں اثنا، انہوں نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی سے بات کی۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے کچھ دیر قبل جیسے ہی وہ لوک سبھا میں داخل ہوئے تو حکمراں جماعت کے ارکان پارلیمنٹ نے نعرے لگا کر اور کھڑے ہو کر وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال کیا۔ اس کے بعد وزیراعظم اپوزیشن بنچوں کی طرف بڑھے۔

اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کو سلام کرتے ہوئے اور ان کا سلام قبول کرتے ہوئے پی ایم مودی پہلے جے ڈی یو کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف لالن سنگھ کے قریب ٹھہرے، ان سے ہاتھ ملایا اور بات چیت کی۔ وہ سونیا گاندھی کی بنچ کے پاس گئے اور نمسکار کہا۔ سونیا گاندھی نے بھی کھڑے ہو کر وزیر اعظم کا استقبال کیا اور نمسکار کا جواب دیا۔


وزیر اعظم نے کچھ دیر رک کر سونیا گاندھی سے بات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس کے بعد وزیر اعظم لوک سبھا میں کانگریس کے قائد ادھیر رنجن چودھری کی بنچ کے پاس پہنچے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو کو سلام پیش کیا۔

جیسے ہی لوک سبھا کی کارروائی 11 بجے شروع ہوئی، پنجاب کے جالندھر لوک سبھا حلقہ سے منتخب ہونے والے آپ کے رکن پارلیمنٹ سشیل کمار رنکو نے ایوان کی رکنیت کا حلف لیا۔ اس کے بعد لوک سبھا اسپیکر برلا نے 2 موجودہ لوک سبھا ممبران اسمبلی رتن لال کٹاریہ اور بلوبھاؤ عرف سریش نارائن دھنورکر اور 11 سابق ممبران پارلیمنٹ بشمول پرکاش سنگھ بادل، سندیپن تھوراٹ، عتیق احمد، الیاس اعظمی، انادی چرن داس اور نہال سنگھ کے انتقال پر خراج عقیدت پیش کیا۔


لوک سبھا ممبران نے کھڑے ہو کر خاموشی اختیار کر کے ان 13 آنجہانی ارکان پارلیمنٹ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد لوک سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ تاہم، اس دوران اپوزیشن بنچوں کے کئی اراکین پارلیمنٹ 'منی پور-منی پور' کے نعرے لگاتے بھی نظر آئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔