اہم خبر: مدھیہ پردیش انسانی حقوق کمیشن نے پانچ معاملوں میں نوٹس لیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

13 Jun 2019, 8:01 PM

مدھیہ پردیش: انسانی حقوق کمیشن نے پانچ معاملوں میں نوٹس لیا

بھوپال: مدھیہ پردیش انسانی حقوق کمیشن آج انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے جڑے پانچ معاملوں میں نوٹس لے کر متعلقہ افسروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔

کمیشن کی جانب سے جاری ریلیز کے مطابق راج گڑھ ضلع کے نرسنگھ گڑھ بلاک کے ڈونگر پورا گاؤں میں 17سال کی نابالغ لڑکی کے ساتھ چار مہینے پہلے عصمت دری کے واقعہ پر نوٹس لے کر کلیکٹر اور پولس سپرنٹنڈنٹ سے معاملے کی جانچ کراکر کی گئی کارروائی کی رپورٹ 3 ہفتے میں مانگی ہے۔

اسی طرح داراحکومت بھوپال میں 160سے زیادہ خواتین اور بچیوں کے عصمت دری کے شکار ہونےکے معاملے میں پولس کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کے پیش نظر ایک بھی متاثرہ کو معاوضے کی رقم نہ مل پانے پر کمیشن نے نوٹس لے کر پولس انسپیکٹر جنرل سے دو ماہ میں رپورٹ مانگی ہے۔ کمرشیل زون بھوپال ڈویژن نمبرایک میں ہوئے اس واقعہ پر نوٹس لے کر کمشنرکمرشیل زون سے ایک ماہ کے اندر رپورٹ مانگی ہے۔

اس کے علاوہ آزاد نگر تھانہ علاقے میں ایک نابالغ کے ساتھ ہوئے مارپیٹ پر ملزم فریق کی رپورٹ پہلے درج کئے جانے پر پولس انسپیکٹرجنرل اندور سے کارروائی کی رپورٹ 3ہفتے میں طلب کی ہے۔ وہیں ڈنڈوری ضلع کے مختلف گاؤں میں راشن کارڈ اپڈیٹ نہ ہونے کی وجہ سے راشن سے محروم بیگا قبائلیوں کے در در بھٹکنے پر کلیکٹر سے جانچ کراکر ایک ماہ میں رپورٹ مانگی ہے۔

13 Jun 2019, 7:10 PM

راہل کی اے این 32 میں مارے گئے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت

نئی دہلی ،13 جون (یواین آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے فضائیہ کے طیارے اے. این -32 کے حادثے میں مارے گئے 13 افراد کے اہل خانہ سے گہرے رنج و غم کاظہار کیا ہے۔
مسٹر گاندھی نے آج ٹویٹر پر بتایا کہ "گزشتہ دس دن سے پورا ہندوستان دعا کر رہا تھا کہ فضائیہ کے لاپتہ طیارے اے این 32 پر سوار ہمارے 13 جانباز محفوظ ہیں۔بے حد افسوس کی بات ہے کہ اب پتہ چلا ہے کہ تمام 13 افراد اس حادثے میں مارے گئے ہیں۔ تمام 13 جانبازوں کے اہل خانہ کے تئیں دلی تعزیت ہے۔ میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ "
اس سے پہلے کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج رنديپ سنگھ سرجےوالا نے کہا، "اے این 32 طیارہ حادثے میں جان گنوانے والے فضائیہ کے جانبازوں کو سلام اور خراج عقیدت ۔بہت افسوسناک ہے۔ میری ہمدردی جانبازوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہے "۔
اروناچل پردیش میں 10 دن پہلے حادثے کا شکار ہوئے فضائیہ کے اے این 32 ہوائی جہاز کے ملبے کا پتہ لگانے کے بعد بچاؤ مہم میں مصروف ٹیم کو جائے حادثہ پر کوئی زندہ نہیں ملا ہے۔ طیارے میں سوار کوئی بھی شخص زندہ نہیں ملا۔

13 Jun 2019, 6:10 PM

بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے سے متعلق عرضی سپریم کورٹ میں دائر

نئی دہلی: الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے کرائے گئے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کو منسوخ کرنے اور اسے بیلٹ پیپر سے ازسرنو کرائے جانے کی ہدایت دینے سے متعلق ایک نئی عرضی آج سپریم کورٹ میں دائر کی گئی۔

وکیل منوہر لال شرما نے عرضی دائر کرکے اس معاملہ کی جلد از جلد سماعت کرنے اور عام انتخابات کو پھر سے بیلٹ پیپر سے کرائے جانے کی ہدایت دینے کی درخواست کی ہے۔ منوہر لال شرما نے عرضی کے توسط سے دعوی کیا ہے کہ عوامی نمائندگی قانون کے تحت انتخابات صرف بیلٹ پیپر سے ہی کرائے جاسکتے ہیں۔ اس لیے حال ہی میں اختتام پزیر ہوئے لوک سبھا انتخابات کو منسوخ کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ مختلف اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے ای وی ایم کی غیر جانبداری پر سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں، حالانکہ کمیشن کی طرف سے بار بار ای وی ایم میں گڑ بڑ کے کسی بھی اندیشہ کو مسترد کیا جاتا رہا ہے۔


13 Jun 2019, 4:10 PM

وکیل درویش قتل معاملہ میں اہل خانہ کا سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

ایٹہ: اترپردیش بار کونسل کی نومنتخب صدر درویش یادو کے اہل خانہ نے ملزم منیش شرما پر غبن کا الزام لگاتے ہوئے اس پورے واقعہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بار کونسل کی صدر کی لاش جمعرات کو ان کے آبائی گاؤں پہنچنے پر ان کے بھتیجے پارتھ یادو نے واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ’’ہم غیر جانب دارانہ سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ قتل میں ملوث منیش نے بار کونسل کے وکیلوں کے فلاح کے لئے آنے والے پیسوں کا غبن کیا تھا۔ ان کے نام پر ڈائرکٹ چیک لے لئے۔ دیدی کی گاڑی بھی لے لی تھی۔ کہا تھا کہ الیکشن میں ہمارا پیسہ خرچ ہوا ہے۔ اس لئے انہیں نکال دیا گیا تھا۔ ان کی خود کی کوئی انکم نہیں تھی۔ ان کے بی بی بچوں کا خرچ یہیں سے چل رہا تھا‘‘۔

مقتول کے بھتیجے نے پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی جانچ کے بعد ہی قتل کی اصل وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔

13 Jun 2019, 3:09 PM

نتیش کمار کا فرمان، علاقے میں ملی شراب تو داروغہ ہوں گے ذمہ دار

بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے حکم دیا ہے کہ ریاست کے 1064 تھانوں کے ایس ایچ او حکومت کو تحریری ضمانت دیں کہ ان کے علاقے میں شراب نہیں بکتی، تحریری ضمانت کے بعد جس تھانہ علاقہ میں شراب پکڑی جائے گی، تو وہاں کے ایس ایچ او کو 10 سال تک کسی بھی تھانے میں پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔


13 Jun 2019, 2:16 PM

اے این -32 طیارہ حادثہ میں کوئی زندہ نہیں ملا

ہندوستانی فضائیہ کی ٹیمیں آج صبح اے این -32 طیارے کے جائے حادثے پر پہنچیں، جہاں انہیں کوئی زندہ نہیں ملا، 13 فضائیہ اہلکاروں کے اہل خانہ کو پہلے ہی مطلع کر دیا گیا ہے کہ اس حادثہ میں کوئی زندہ نہیں بچا ہے۔

13 Jun 2019, 1:06 PM

کولکاتا میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کا تیسرا دن، ممتا کو احتجاج کے مقام پر بلانے کی ضد

مغربی بنگال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کا آج تیسرا دن ہے۔ ڈاکٹر اپنی مانگوں کو لے کر سراپا احتجاج ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی ہی پوسٹر کے ذریعے اپنے مطالبات بتا دئے ہیں اور وزیر اعلیٰ کو یہاں پہنچنا چاہئے۔

قبل ازیں، کانگریس کے رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے یہ بھی کہا کہ مغربی بنگال میں ہنگامی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں مغربی بنگال میں پیدا سنگین حالات پر آپ کی توجہ مرکوز کرانا چاہتا ہوں، جہاں تمام اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ بنگال بھر میں مریض لاچار ہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ صورت حال کو معمول پر لانے کے لئے جلد از جلد مداخلت کریں۔‘‘


13 Jun 2019, 12:10 PM

آسٹریلیائی پولس نے دو مسلح افراد کو ماری گولی

سڈنی: آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں انسداد دہشت گردی کی تفتیش کے دوران پولس افسران نے دو مسلح افراد کو گولی مار دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انسداد ٹیررزم کمانڈ (سی ٹی سی) کے تفتیش کاروں نے شہر برنوارتھا نارتھ میں خفیہ معلومات حاصل کرنے کے دوران دو لوگوں کا پتہ لگانے کے لئے مقامی پولس کی مدد مانگی تھی۔ وکٹوریہ کے قائم مقام اسسٹنٹ کمشنر کلائیو رسٹ نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کہا کہ سی ٹی سی کے تفتیش کاروں نے بدھ کی شام رچرڈ سن بینڈ کیمپنگ گراؤنڈ کے قریب اولڈ برنوارتھا روڈ پر دو افراد کو روکنے کی کوشش کی۔

کمشنر کلائیو رسٹ نے کہا ’’اس کے بعد دونوں نے پولس کی گاڑی کو ٹکر ماری اور پھر اپنی گاڑی سے اتر کر پولس سے گتھم گتھا ہو گئے۔ دونوں کے پاس دھاردار ہتھیار تھے۔ ان میں سے ایک شخص نے پولس اہلکار پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد اسے گولی ماری گئی‘‘۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرا شخص کئی منٹ تک پو لس کے ساتھ جدو جہد کرتارہا جسے بعد میں اسے بھی گولی مارنی پڑی۔ واقعہ کے بعد دونوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، وکٹوریہ پولس نے بتایا کہ دونوں کی عمر 19 اور 30 سال کے درمیان ہے۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ دونوں بھائی ہیں اور ان کے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے ساتھ تعلقات ہیں۔

13 Jun 2019, 10:59 AM

امریکی فوج کو جلد ہی 6 روٹری ہیلی کاپٹر ملیں گے

واشنگٹن: امریکی فوج کو خصوصی فوجی آپریشنز کے لئے دیرینہ مطالبہ جلد ہی پورا ہو گا اور اسے نئے بھاری صلاحیت والے روٹری ہیلی كاپٹر ملیں گے۔

امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے بدھ کو جاری ریلیز کے مطابق امریکہ کو خصوصی فوجی آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ کے لئے ان روٹری ہیلی کاپٹروں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے بوئنگ کمپنی رڈلی پارک، پنسلوانیا کو چھ نئے روٹری ہوائی جہاز بنانے کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ بیان کے مطابق اسی مالی سال میں ان ہیلی کاپٹروں کو پنسلوانیا اور فلوریڈ میں ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس ہفتے ونگ کی میگزین میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی آرمڈ سروس کمیٹی ان ہیلی کاپٹروں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کانگریس پر دگنی رقم مہیا کرانے کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔


13 Jun 2019, 10:07 AM

حکومت نے 16 جون کو بلائی آل پارٹی میٹنگ

حکومت نے 17 ویں لوک سبھا کا پہلا سیشن شروع ہونےسے قبل 16 جون کو کل جماعتی میٹنگ بلائی ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ پارلیمانی امور کے وزیر پرهلاد جوشی نے 16 جون کو صبح 11 بجے تمام پارٹیوں کے رہنماؤں کی میٹنگ بلائی ہے جس کی صدارت وزیر اعظم نریندر مودی کریں گے۔ خیال رہے پارلیمنٹ کا سیشن 17 جون سے شروع ہو رہا ہے اور اس سے پہلے بلائی گئی اس میٹنگ کا مقصد پارلیمنٹ کا کام کاج آسانی سے چلانے کے لئے تمام پارٹیوں کے ساتھ اتفاق بنانا ہے

13 Jun 2019, 9:58 AM

مودی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کے لئے کرغستان روانہ


13 Jun 2019, 9:58 AM

وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات سے شروع ہونے والے دو روزہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہو گئے۔
مسٹر مودی اس دوران بہت سے ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے۔ وہ اس سمٹ سے الگ کرغستان کے صدر سورونبے جين بكووف کے ساتھ بھی دو طرفہ بات چیت کریں گے۔


وزیر اعظم نے بشکیک کے لئے روانگی سے قبل بدھ کی شام کو کہا کہ ہندوستان دو سال پہلے ایس سی اوکی مکمل رکنیت حاصل کرنے کے بعد سے اس کے مختلف اجلاسوں میں فعال طور پر سرگرم رہا ہے۔
انہوں نے کہا’’ہم نے گزشتہ برسوں کے دوران کرغستان کی صدارت کے لیے مکمل تعاون دیا ہے‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔