وزیر اعظم مودی برازیل پہنچے، برکس چوٹی کانفرنس میں ہوگی شرکت، کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقات متوقع
اپنے برازیل دورہ کے دوران وزیر اعظم مودی 6 اور 7 جولائی کو ریو ڈی جینریو میں برکس چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد ایک سرکاری دورہ کریں گے۔ جس کے لیے وہ براسیلیا جائیں گے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کا برازیل پہنچنے پر ایئر پورٹ پر استقبال۔ تصویر ’ایکس‘@ANI
وزیر اعظم نریندر مودی چار روزہ دورے پر برازیل پہنچ گئے ہیں۔ یہاں وہ 17ویں برکس چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے اور سرکاری دورے کریں گے۔ وزیر اعظم مودی ہفتہ کی شام (مقامی وقت) ریو ڈی جینریو کے گیلے او انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ یہ ان کے پانچ ملکوں کے دورے کا چوتھا مرحلہ ہے۔
وزیر اعظم مودی نے برازیل پہنچنے پر اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں کہا، ’’برازیل کے ریو ڈی جینریو میں اترا، جہاں میں برکس چوٹی کانفرنس میں شرکت کروں گا اور بعد میں صدر لولا کی دعوت پر سرکاری دورہ کے لیے ان کی راجدھانی براسیلیا جاؤں گا۔ اس سفر کے دوران میٹنگوں اور بات چیت کے ایک نتیجہ خیز دور کی امید ہے۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ برکس کے بانی اراکین کے طور پر، ہندوستان اُبھرتی معیشتوں کے درمیان تعاون کے لیے ایک اہم منچ کے طور پر اس بلاک کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ساتھ مل کر ایک پُرامن، انصاف پر مبنی، ایک جمہوری اور متوازن کثیر قطبی عالمی نظام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ چوٹی کانفرنس کے دوران مودی کئی عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
اپنے برازیل دورہ کے دوران وزیر اعظم مودی 6 اور 7 جولائی کو ریو ڈی جینریو میں برکس چوٹی کانفرنس میں حصہ لیں گے۔ اس کے بعد ایک سرکاری دورہ کریں گے۔ جس کے لیے وہ براسیلیا جائیں گے۔ یہ تقریباً 6 دہائی میں کسی بھی ہندوستانی وزیر اعظم کے ذریعہ ملک کا پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا۔ برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ سے مل کر بنے برکس کی توسیع پانچ اضافی اراکین مصر، ایتھوپیا، ایران، سعودی عرب اور یو اے ای کے ساتھ کیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بھی اپنے ’ایکس‘ پوسٹ میں کہا کہ برکس ساجھیداری کے لیے پابند عہد۔ وزیر اعظم نریندر مودی 17ویں برکس چوٹی کانفرنس کے لیے برازیل کے ریو ڈی جینریو پہنچے۔ وزیر اعظم ارجنٹینا سے یہاں پہنچے، جہاں انہوں نے صدر زیویئر ملی کے ساتھ وسیع پیمانے پر بات چیت کی اور دوطرفہ کاروبار کو متنوع بنانے اور دفاع، اہم معدنیات، فارماسیوٹیکل، توانائی اور کانکنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پانچ ملکوں کے دورہ کی شکل میں گھانا، ترینیداد اور ٹوبیگو اور ارجنٹینا کا دورہ کر لیا ہے۔ وہ اپنے دورے کے آخری مرحلے میں نامیبیا جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔