بھومی پوجن کا ’مہورت‘ نکالنے والے 75 سالہ پجاری کو ملی دھمکی، کیس درج

بیلگاوی پولس کے مطابق رام مندر بھومی پوجن کا مہورت بتانے والے 75 سالہ پجاری وجیندر کو فون پر دھمکی ملی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ کیس درج کر پورے معاملے کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ایودھیا میں رام مندر بھومی پوجن کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ کل یعنی 5 اگست کو بھومی پوجن کیا جائے گا۔ اس درمیان بھومی پوجن کے لیے مہورت نکالنے والے بزرگ پجاری کو کرناٹک کے بیلگاوی میں فون پر دھمکی ملی ہے۔ اس سلسلے میں بیلگاوی کے تلک واڑی پولس اسٹیشن نے معاملہ درج کر لیا ہے۔

دھمکی دیے جانے کے تعلق سے پجاری وجیندر کا کہنا ہے کہ ایک فون آیا تھا اور کسی نامعلوم شخص نے کہا کہ "آپ نے مہورت کی تاریخ کیوں بتائی؟ آپ اس میں شامل کیوں ہو رہے ہیں؟" پجاری نے یہ سن کر دھمکی دینے والے سے کہا کہ آرگنائزرس نے مجھ سے بھومی پوجن کی تاریخ بتانے کی اپیل کی تھی اور میں نے اس پر عمل کیا۔ پجاری کے مطابق دھمکی دینے والے نے اپنا نام نہیں بتایا۔ یہاں قابل ذکر یہ بھی ہے کہ پجاری کے مطابق اس سے پہلے بھی انھیں کئی فون آ چکے ہیں، لیکن انھوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔


بیلگاوی پولس نے اس تعلق سے تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ رام مندر بھومی پوجن کا مہورت بتانے والے 75 سالہ پجاری وجیندر کو فون پر دھمکی ملی ہے اور فون کرنے والے نے کہا ہے کہ وہ مہورت کی بات کو واپس لیں۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں کیس درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش بھی شروع ہو گئی ہے۔ پجاری وجیندر کو دھمکی ملنے کے بعد بیلگاوی واقع شاستری نگر میں پجاری کی رہائش پر پولس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پجاری گزشتہ کئی سالوں سے رام مندر تحریک سے جڑے رہے ہیں۔ اس سال فروری میں آرگنائزرس نے ان سے مہورت نکالنے کے لیے رابطہ کیا تھا جس کے بعد پجاری نے 5 اگست کے لیے بھومی پوجن کا وقت مقرر کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Aug 2020, 11:30 AM
/* */