بسنت پنچمی کے موقع پر صدر کووند، وزیر اعظم مودی اور راہل گاندھی نے پیش کی مبارکباد

صدر کووند، نائب صدر نائیڈو، وزیر اعظم مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز موسم بہار کے آغاز پر ’سرسوتی پوجا‘ اور ’بسنت پنچمی‘ کے موقع پر ملک کے باشندگان کو مبارکباد پیش کی ہے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز موسم بہار کے آغاز پر ’سرسوتی پوجا‘ اور ’بسنت پنچمی‘ کے موقع پر ملک کے باشندگان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

خیال رہے کہ بسنت پنچمی موسم بہار میں منائے جانے والا بنیادی طور پر ہندوؤں کا ایک تہوار ہے۔ یہ پانچویں ہندو مہینہ ماگھ کی 5 تاریخ کو ہوتا ہے اور ویدوں میں اس کا تعلق سرسوتی دیوی سے بتایا جاتا ہے جو ہندو مت میں موسیقی اور آرٹ (فن) کی دیوی سمجھی جاتی ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’کسان کی محنت رنگ لاتی ہے، جب دھرتی پر فصل شان سے لہلہاتی ہے۔ سبھی کو بسنت پنچمی اور سرسوتی پوجا کی مبارک باد۔‘‘ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی پوسٹ کی ہے جس میں سرسوں کے کھیت میں ایک پنجاب سے وابستہ کسان پھاوڑا کاندھے پر رکھے ہوئے نظر آ رہا ہے۔


صدر کووند نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا، ’’میری خواہش ہے کہ موسم بہار کی آمد تمام ہم وطنوں کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت لائے اور تعلیم دیوی سرسوتی ہر ایک کی زندگی کو علم کی روشنی سے منور کر دے۔‘‘

نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ٹویٹر پر کہا، "بسنت پنچمی کے موقع پر ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ ہندوستانی روایت کے مطابق یہ واگ دیوی سرسوتی کا تہوار ہے۔ اس مبارک دن پر دیوی سرسوتی سب کو حکمت اور ذہانت کی دولت سے نوازیں۔‘‘


وزیر اعظم مودی نے لکھا، ’’ماں شاردا کا آشیرواد آپ سب کے ساتھ رہے اور موسموں کا بادشاہ بسنت ہر ایک کی زندگی میں خوشیاں لائے۔‘‘

بسنت کو ہندوستان کے بعض علاقوں میں دیگر مذاہب کے افراد بھی مناتے ہیں اور اس کی تاویل یہ دیتے ہیں کہ سردیوں کا موسم ختم ہو رہا ہوتا ہے لوگ جو موسم کی شدت کی وجہ سے گھروں میں بند تھے۔ درجہ حرارت مناسب ہونے پر گھروں سے باہر آتے ہیں اور خزاں اور سرما کی بے رنگی اور بدمزگی جو ان کے مزاج اور آنکھوں پر چھائی ہوئی ہے اسے باہر آکر تیز رنگوں والے کپڑے پہن کر باہر گھوم پھر کر یا پتنگ بازی کر کے طبیعت کے اس زنگ کو اتارنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 05 Feb 2022, 10:47 AM