یکم سے 19 دسمبر تک چلے گا پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس، حکومت کی تجویز پر صدر جمہوریہ کی مہر
مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ ’’ہم ایک ایسے تعمیری اور نتیجہ خیز اجلاس کے منتظر ہیں جو ہماری جمہوریت کو تقویت بخشے گا اور ہمارے لوگوں کو مضبوط کرے گا‘‘

مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس بلانے کی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یہ اجلاس یکم دسمبر 2025 کو شروع ہوگا اور 19 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا۔
کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ میں لکھا، صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے (پارلیمانی امور کی ضروریات کے تحت) یکم دسمبر 2025 سے 19 دسمبر 2025 تک پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس بلانے کی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے تعمیری اور نتیجہ خیز اجلاس کے منتظر ہیں جو ہماری جمہوریت کو تقویت بخشے گا اور ہمارے لوگوں کو مضبوط کرے گا۔
اس سے قبل پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 21 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ مانسون اجلاس کے دوران متنازعہ ایس آئی آر پر اپوزیشن کے متعدد مطالبات حکومت کی جانب سے تسلیم نہ کئے جانے پر ہنگامے کی وجہ سے پارلیمنٹ کا 166 گھنٹے کا وقت ضائع ہوا۔ جہاں ایک خصوصی بحث کے بعد آپریشن سندور پر تنازعہ ختم ہوا، وہیں متنازعہ ایس آئی آر پر سیاسی جنگ آخری دن تک جاری رہی۔
عام طور پر ایک سال میں لوک سبھا کے تین اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس کسی سال میں فروری سے مئی تک چلتا ہے۔ اس مدت کے دوران بجٹ پر غور کرنے اور ووٹنگ اور منظوری کے لیے بجٹ کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاتا ہے۔ محکموں سے متعلق کمیٹیاں وزارت اور محکموں کی گرانٹ کے مطالبات پر غور کرتی ہیں اور اس کے بعد پارلیمنٹ کو اپنی رپورٹ پیش کرتی ہیں۔ وہیں دوسرا مانسون اجلاس ہوتا ہے جس کی مدت جولائی سے اگست کے درمیان ہوتی ہے۔ سال کا اختتام سرمائی اجلاس سے ہوتا ہے جو نومبر سے دسمبر کے درمیان منعقد کیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔