عیدالفطر: صدر کووند، پی ایم مودی اور راہل گاندھی سمیت متعدد سیاسی ہستیوں نے پیش کی مبارکباد

”عید مبارک! یہ تہوار محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ عید پر ہمیں سماج کے ضرورت مند لوگوں کا درد بانٹنے اور ان کے ساتھ خوشیاں تقسیم کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔“

تصویر بپن
تصویر بپن
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں لاک ڈاؤن کے درمیان آج عید منائی جا رہی ہے۔ حالانکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ آج اپنے گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کر رہے ہیں اور وہ چہل پہل بالکل بھی دیکھنے کو نہیں مل رہی جو ہر سال دیکھنے کو ملتی تھی۔ بہر حال، لاک ڈاؤن کےد رمیان بالکل پھیکی معلوم پڑ رہی اس عید پر لوگوں کے ذریعہ مبارکباد دینے کا سلسلہ اسی طرح چل پڑا ہے جیسا کہ ہر سال ہوتا تھا۔ پی ایم نریندر مودی، صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین، بی ایس پی سپریمو مایاوتی سمیت متعدد سیاسی لیڈروں نے اس موقع پر اپنی جانب سے نیک خواہشات پیش کیں۔

صدر جمہوریہ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "عید مبارک! یہ تہوار محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ عید پر ہمیں سماج کے ضرورت مند لوگوں کا درد بانٹنے اور ان کے ساتھ خوشیاں تقسیم کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔ آئیے، اس مبارک موقع پر ہم ذکوٰۃ کے جذبہ کو مضبوط بنائیں اور کووڈ-19 کی روک تھام کے لیے سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں۔"


پی ایم مودی نے عید الفطر کے موقع پر تمام ہم وطنوں کوعید کی مبارکباد دیتے ہوئے تمام لوگوں کے لیے صحت وتند رستی اور خوشحالی کی دعا کی۔ انھوں نےاپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ "عید مبارک! یہ خاص موقع معاشرے میں ہمدردی، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے جذبے کو مزید آگے بڑھائے۔ تمام لوگ صحت مند اور خوشحال رہیں‘‘۔


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی بذریعہ ٹوئٹر لوگوں کو عید کی مبارکباد پیش کی اور بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین نے بھی اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ملک کے سبھی باشندوں کو عید کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھی شاہنواز حسین نے کہا کہ "پورے ملک کے باشندوں کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد۔ آج ہم نے بھی عید کی نماز گھر پر ادا کی۔ ایسے تو عیدگاہ میں ہی نماز پڑھنے جاتے تھے، لیکن چونکہ کورونا کا بہت خطرہ ہے اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کرنا ہے تو عید کی نماز گھر پر ہوئی۔"


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔