ایس پی کے ساتھ 2024 کی تیاری کر رہے ہیں، امت شاہ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی: راجبھر

جب او پی راج بھر سے امت شاہ سے ملاقات کی خبروں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا– نہ تو ملاقات ہوئی اور نہ ہی بات ہوئی، ہم سماج وادی پارٹی کے ساتھ تھے اور آگے بھی رہیں گے۔

اوم پرکاش راجبھر / آئی اے این ایس
اوم پرکاش راجبھر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے قومی صدر اوم پرکاش راجبھر نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا ہے کہ اوم پرکاش راجبھر سماجوادی پارٹی کو جھٹکا دیتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہونے کا ارادہ بنا لیا ہے اور انہیں یوگی حکومت میں وزیر بنایا جا سکتا ہے۔

امت شاہ سے ملاقات کی تصویر کو پرانی قرار دیتے ہوئے راجبھر نے کہا کہ 2019 کے بعد سے ان کی بی جے پی کے کسی لیڈر سے ملاقات نہیں ہوئی ہے اور اس وقت بھی استعفی پیش کرنے کے لئے بی جے پی عہدیدار کے پاس گئے تھے۔ خیال رہے کہ ایس بی ایس پی کے سربراہ او پی راجبھر اور امت شاہ کی ملاقات کی خبریں 18 مارچ سے ہی گردش کر رہی ہیں اور یوپی کے سیاسی گلیاروں میں اس پر بحث ہو رہی ہے۔


جب او پی راج بھر سے امت شاہ سے ملاقات کی خبروں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا– نہ تو ملاقات ہوئی اور نہ ہی بات ہوئی، ہم سماج وادی پارٹی کے ساتھ تھے اور آگے بھی رہیں گے۔ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

غازی پور کے ظہور آباد سے نومنتخب ایم ایل اے اوم پرکاش راجبھر نے کہا کہ اب ہمارا اور بی جے پی کا راستہ الگ ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ملاقات کی تصویر وائرل ہونے پر انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کا کھیل ہے اور پرانی تصویر وائرل کرا دی گئی ہے۔ راجبھر نے کہا کہ ہم اب اکھلیش یادو کے ساتھ ہیں اور آگے بھی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2024 کے لوک سبھا انتخابات سماج وادی پارٹی کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔


راجبھر نے کہا کہ میں اکھلیش یادو کے ساتھ ہوں اور 25 مارچ کو لکھنؤ میں اتر پردیش کی بی جے پی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں بھی اسٹیج پر میں نہیں رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 28 مارچ کو غازی پور کے ظہور آباد میں ایک پروگرام منعقد کیا ہے۔ اس پروگرام کے اسٹیج پر سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو بھی ہمارے ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ راجبھر سماج اب بی جے پی کے ساتھ نہیں، بلکہ سماج وادی پارٹی کے ساتھ ہے، نیز میں نے اسمبلی انتخابات سے بہت پہلے امت شاہ سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کی تصویروں پر اوم پرکاش راج بھر نے کہا کہ امت شاہ کے ساتھ ہمارے پاس بہت سی تصویریں ہیں۔ پچاس تصاویر میڈیا کے پاس ہوں گی۔ وہ اسے کہیں بھی رکھ کر فٹ کر لیتے ہیں۔ راجبھر نے کہا کہ ہم ایس پی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */