ایودھیا میں 'تاریخی رام لیلا' کی تیاری، مسلم اداکار شہباز خان کو بنایا جائے گا 'راون'!

بتایا جا رہا ہے کہ بھرت کا کردار گورکھپور سے رکن پارلیمنٹ روی کشن نبھائیں گے، انگد کا کردار منوج تیواری ادا کریں گے اور ہنومان کا کردار نبھانے کے لیے بندو دارا سنگھ کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔

 شہباز خان، تصویر بشکریہ انڈیا فورم ڈاٹ کام
شہباز خان، تصویر بشکریہ انڈیا فورم ڈاٹ کام
user

تنویر

ایودھیا میں شری رام مندر تعمیر کے لیے گزشتہ 5 اگست کو 'بھومی پوجن' تقریب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی تھی، اور اب دسہرہ کے موقع پر عظیم الشان اور تاریخی رام لیلا منعقد کرنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ اتر پردیش محکمہ ثقافت نے اس بار رام لیلا کے لیے خصوصی منصوبہ تیار کیا ہے اور کوشش ہو رہی ہے کہ ایسی رام لیلا پیش کی جائے کہ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے۔

اس رام لیلا کے تعلق سے ایک ایسی خبر بھی سامنے آ رہی ہے جو کافی حیران کرنے والی ہے۔ دراصل ہندی نیوز پورٹل 'نیوز 18' پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 'راوَن' کا کردار نبھانے کے لیے مشہور مسلم اداکار شہباز خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چونکہ 'راوَن' ایک منفی کردار ہے، اس لیے مسلم اداکار کے ذریعہ یہ کردار نبھانا تنازعہ پیدا کرنے والا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی سرکاری ذرائع سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ بھرت کا کردار گورکھپور سے رکن پارلیمنٹ روی کشن نبھائیں گے، انگد کا کردار منوج تیواری ادا کریں گے اور ہنومان کا کردار نبھانے کے لیے بندو دارا سنگھ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ شہباز خان کے تعلق سے لکھا گیا ہے کہ انھیں راوَن کے کردار میں اسٹیج پر اتارے جانے کی امید ہے۔


بہر حال، موصولہ اطلاعات کے مطابق رام لیلا کو یادگار بنانے کے لیے محکمہ ثقافت نے کئی مشہور و معروف اداکاروں کو شامل کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم اداکار آشوتوش رانا کو بھی اس کا حصہ بنایا جائے گا۔ رام لیلا کی تیاریوں سے متعلق تجویز محکمہ کے ذریعہ تیار کر لی گئی ہے اور حکومت کی طرف سے اجازت کا انتظار ہے تاکہ کام کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ایودھیا میں اکتوبر ماہ میں ہونے والی اس رام لیلا کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور متعلقہ محکموں کے درمیان ہوئی میٹنگ میں پریزنٹیشن بھی پیش کیا جا چکا ہے۔ جیسے ہی وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی مہر اس پروگرام پر لگے گی، کام میں تیزی لائی جائے گی۔ اس تاریخی رام لیلا کے لیے بیرون ملکی اداکاروں سے بھی رابطہ قائم کیے جانے کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ ابھی تک اس سلسلے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے کہ رام اور سیتا کے کردار کے لیے کن ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔