بجلی بحران: ریلوے کی 40 مسافر ٹرین منسوخ، کوئلہ کی مالبردار گاڑیاں چلائی جائیں گی

بڑھتی ہوئی گرمی کے دوران ملک کو بجلی بحران سے بچانے کے لئے ریلوے نے اب تک مجموعی طور پر 40 مسافر ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے، ان کے مقام پر کوئلہ کی مالبردار گاڑیاں چلائی جا رہی ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بڑھتی ہوئی گرمی کے دوران ملک کو بجلی کے بحران سے بچانے کے لیے ناردرن ریلوے نے اب تک کل 40 مسافر ٹرینیں منسوخ کی ہیں۔ ان چالیس ٹرینوں کی کل 1081 ٹرپس منسوخ کر دی گئی ہیں۔ یہ ٹرینیں 24 مئی تک منسوخ رہیں گی۔ ان ٹرینوں کو اس لیے منسوخ کیا گیا ہے تاکہ کوئلہ لے جانے والی خالی اور لدی ہوئی مالبردار ٹرینوں کی آمدورفت کو ترجیح دی جا سکے۔ صرف ان روٹس کی مسافر ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں جن پر کوئلے کی مالبردار ٹرینیں چل رہی ہیں۔

ریلوے کی ’ایس ای سی آر‘ یعنی جنوب مشرقی وسطی ریلوے زون میں بلاس پور، رائے پور اور ناگپور ڈویژنز شامل ہیں۔ اس علاقے میں کوئلہ سے لدی ٹرینوں کی آمدورفت سب سے زیادہ ہے، اس لیے یہاں چلنے والی کل 32 ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ہے۔ ان ٹرینوں کی کل 1041 ٹرپس منسوخ کی گئی ہیں، جن میں 479 میل/ایکسپریس ٹرینیں اور 562 مسافر ٹرینیں ہیں۔ کوئلے کی وجہ سے منسوخ ہونے والی اس زون کی تمام ٹرینیں 24 مئی تک منسوخ رہیں گی۔


دہلی، امبالہ، فیروز پور، مراد آباد اور لکھنؤ ڈویژن شمالی (ناردرن) ریلوے زون کے تحت آتے ہیں۔ پنجاب، ہریانہ اور دادری کے پاور پلانٹس کے لیے کوئلہ ان علاقوں سے ہی گزرتا ہے۔ ان علاقوں میں 8 ٹرینوں کے کل 40 چکر منسوخ کئے گئے ہیں۔ یہ ٹرینیں 8 مئی تک منسوخ رہیں گی۔ منسوخ ہونے والی ٹرینوں میں دو جوڑی میل ایکسپریس ٹرینیں اور دو جوڑی مسافر ٹرینیں شامل ہیں۔ یہ سب روزانہ چلنے والی ٹرینیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔