جھارکھنڈ کو پھر بجلی بحران کا سامنا، طلب سے 300 میگاواٹ کم فراہمی

دامودر ویلی کارپوریشن کے میجیا واقع پاور پلانٹس کی تینوں یونٹس اور بوکارو تھرمل واقع پاور پلانٹ میں الگ الگ وجوہات سے بریک ڈاؤن کے سبب پروڈکشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔

بجلی، تصویر آئی اے این ایس
بجلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جھارکھنڈ میں بجلی بحران نے ایک بار پھر سے دستک دے دی ہے۔ ریاست کو اس موسم میں روزانہ تقریباً 2500 میگاواٹ بجلی کی طلب ہے، لیکن سبھی ذرائع سے 2100 سے 2200 میگاواٹ بجلی ہی مل پا رہی ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے شہروں سے لے کر گاؤں تک میں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہروں میں چار سے پانچ اور گاؤں میں 12 سے 14 گھنٹے تک بجلی کی تخفیف ہو رہی ہے۔ ڈی وی سی (دامودر ویلی کارپوریشن) کے میجیا واقع پاور پلانٹس کی تینوں یونٹس اور بوکارو تھرمل واقع پاور پلانٹ میں الگ الگ وجوہات سے بریک ڈاؤن کے سبب پروڈکشن بری طرح متاثر ہوا تو اس کا اثر جھارکھنڈ کے مختلف اضلاع میں ہونے والی بجلی فراہمی پر پڑا ہے۔

حالانکہ دونوں پاور پلانٹس سے جمعرات سے پروڈکشن پھر شروع ہو گیا ہے، لیکن اب بھی سبھی یونٹس آپریشنل نہیں ہیں اور اس وجہ سے ’پیک آور ڈیمانڈ‘ کے حساب سے سپلائی نہیں ہو پا رہی ہے۔ ریاست کے سات اضلاع دھنباد، بوکارو، گریڈیہہ، کوڈرما، رام گڑھ، چترا اور ہزاری باغ ڈی وی سی کمانڈ ایریا میں آتے ہیں۔ ان اضلاع میں ڈی وی سی کے ذریعہ ہی بجلی کی فراہمی ہوتی ہے۔ ان اضلاع میں گزشتہ منگل سے ہی 12 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ دھنباد کے کئی علاقوں میں گزشتہ رات تک تقریباً بلیک آؤٹ جیسی حالت رہی، وہیں کچھ علاقوں میں روٹیشن پر بجلی ملی۔


راجدھانی رانچی، پلاموں، گڑھوا، لوہردگا، جمشید پور، چائباسہ وغیرہ اضلاع میں بھی لگاتار بجلی کٹوتی سے لوگ پریشان ہیں۔ جھارکھنڈ ریاست بجلی ڈسٹریبیوشن کارپوریشن نے اعتراف کیا ہے کہ طلب کے مقابلے میں تقریباً 200 میگاواٹ بجلی کم مل پا رہی ہے۔ سنٹرل پول سے بھی کم بجلی مل رہی ہے۔ اس کے علاوہ آندھی کی وجہ سے بھی کئی علاقوں میں بجلی فراہمی رخنہ انداز ہوئی ہے۔ ڈی وی سی کمانڈ ایریا سے باہر کے ضلعوں میں بدھ اور جمعرات کو طلب سے تقریباً 200 میگاواٹ بجلی کم ملی۔

جھارکھنڈ ریاست بجلی ڈسٹریبیوشن کارپوریشن کے ڈائریکٹر کے کے ورما نے ریاست کے مختلف اضلاع کے توانائی جنرل منیجر اور سپرنٹنڈنگ انجینئرس کے ساتھ میٹنگ کر بجلی فراہمی اور ریوینیو وصولی کا تجزیہ کیا۔ انھیں ہدایت دی گئی ہے کہ سبھی ضلعے ہدف کے مطابق ریوینیو کی وصولی یقینی کریں، کیونکہ سنٹرل پول اور دوسری ریاستوں سے اونچی شرح پر بجلی خریدنی پڑ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */