بہار میں اسمبلی انتخاب کی دستک، جنتا دل یو اور آر جے ڈی کے درمیان ’پوسٹر وار‘ شروع

جنتا دل یو نے ایک پوسٹر جاری کیا ہے جس میں سلوگن دیا گیا ہے ’’کیوں کریں وِچار، ٹھیک تو ہے نتیش کمار‘‘۔ اس کے جواب میں آر جے ڈی نے پوسٹر پر لکھ ڈالا ’’کیوں نہ کریں، وِچار، بہار جو ہے بیمار۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں اسمبلی انتخاب 2020 میں ہونے والے ہیں، لیکن اس کی دستک ابھی سے سنائی دینے لگی ہیں۔ ریاستی پارٹیوں نے نہ صرف الیکشن کی تیاریاں زور و شور سے شروع کر دی ہے بلکہ وہ ایک دوسرے پر حملہ بھی کر رہی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس بار جنتا دل یو کی سیدھی ٹکر آر جے ڈی سے ہونے والی ہے اور جنتا دل یو نے تو اپنا پہلا پوسٹر بھی جاری کر دیا ہے۔ اس پوسٹر میں آئندہ الیکشن کے لیے ’بہار میں بَہار‘ والا جملہ استعمال نہیں کیا گیا ہے بلکہ پوسٹر پر لکھا گیا ہے ’’کیوں کریں وِچار، ٹھیک تو ہے نتیش کمار‘‘۔ حکمراں پارٹی اس سلوگن کے ذریعہ عوام میں یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ نتیش کمار کا کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے اس لیے کسی دیگر پارٹی پر غور نہ کیا جائے۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ جنتا دل یو کے اس پوسٹر کا جواب بھی آر جے ڈی نے پوسٹر کے ذریعہ ہی دیا ہے۔ ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی جنتا دل یو نے اپنے پوسٹر پر لکھا ہے کہ ’’کیوں نہ کریں وِچار، بہار جو ہے بیمار۔‘‘ اس سلوگن کے ساتھ ہی آر جے ڈی نے اپنے پوسٹر پر مودی حکومت کی ناکامیوں کو ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پوسٹر میں جو بہار کا نقشہ بنایا گیا ہے اس میں چمکی بخار، سیلاب، قتل، خشک سالی، ڈکیتی، اغوا، لوٹ جیسی باتیں ظاہر کی گئی ہیں۔


بہار میں اسمبلی انتخاب کی دستک، جنتا دل یو اور آر جے ڈی کے درمیان ’پوسٹر وار‘ شروع

واضح رہے کہ بہار میں جب 2015 اسمبلی انتخاب ہوا تھا تو جنتا دل یو اور آر جے ڈی ساتھ تھے۔ اس وقت ’بہار میں بَہار ہو، نتیشے کمار ہو‘ کا نعرہ خوب مشہور ہوا تھا۔ اسے سیاسی پالیسی ساز پرشانت کشور نے تیار کیا تھا۔ لیکن آج حالات بالکل مختلف ہیں۔ نتیش کمار اب بی جے پی کے ساتھ مل کر این ڈی اے کی حکومت چلا رہے ہیں اور آر جے ڈی اس بار نتیش کمار پر طنز کستا ہوا پوسٹر جاری کر رہا ہے۔ حالانکہ آر جے ڈی نتیش کمار کے متبادل کی بات تو نہیں کرتا، لیکن یہ ضرور کہہ رہا ہے کہ بہار میں اے کے-47 کی بَہار ہے، جیل میں برتھ ڈے پارٹی گلزار ہے، پھر بھی کیوں کرے وِچار۔ ٹھیکے ہیں، یعنی بہت ٹھیک نہیں ہیں نتیش کمار۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔