مدھیہ پردیش: ہوم گارڈ کینٹین میں پڑے ملے پوسٹل بیلٹ، کانگریس ناراض

کانگریس کے ایک رہنما کو مدھیہ پردیش میں پوسٹل بیلٹ کے 250 لفافہ ایک کینٹین میں پڑے ملے جن کو پوچھنے والا کوئی نہیں تھا۔

تصویر سوشل میڈیا 
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابت کے بعد سے اب تک ای وی ایم کے رکھ رکھاؤ کو لے کر کئی شکایتیں موصول ہو چکی ہیں اور کانگریس نے اس گڑبڑی کے تعلق سے الیکشن کمیشن میں شکایت بھی کی ہے۔ ای وی ایم کے بعد اب پوسٹل بیلٹ کو لے کر بھی سوال اٹھائے جانے لگے ہیں۔ کانگریس کارکنان کو مدھیہ پردیش پولس کی بھوپال میں واقع کینٹین میں کچھ ایسے پوسٹل بیلٹ ٹیبل پر پڑے دکھائی دیئے جن کے بارے میں کسی کو کچھ معلوم نہیں۔

واضح رہے مدھیہ پردیش میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات پولس اہلکاروں کے لئے چار ہزار پوسٹل بیلٹ جاری کئے گئے تھے۔ پولس ایس ایس بی اور ہوم گارڈ کے لئے جاری یہ پوسٹل بیلٹ گنتی کے یعنی 11 دسمبر کو الیکشن کمیشن پہنچنے تھے۔

پولس کینٹین کے ساتھ ہوم گارڈ آفس کی کینٹین میں یہ پوسٹل بیلٹ دکھائی دیئے۔ کانگریس رہنما کرشنا گھٹکے نے ایک چینل سے بات چیت میں بتایا کہ ’’میں منگل کو ہوم گارڈ کی کینٹین میں پہنچا، مجھے اس کی خبر ملی تھی۔ میں نے کینٹین کے اندر پوسٹل بیلٹ کے 250 لفافہ اور باہر تین لفافہ ایسے ہی دیکھے جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں تھا‘‘۔ گھٹکے کا الزام ہے کہ پوسٹل بیلٹ گزشتہ تین روز سے کینٹین میں پڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اس بڑی گڑبڑی کی ریاستی الیکشن کمیشن سے شکایت کرے گی۔

دوسری جانب خبر ملتے ہی جنوب مغربی بھوپال سیٹ سے کانگریس کے امیدوار شرما اور کئی کانگریسی رہنماؤں کے ہمراہ ہوم گارڈ کینٹین پہنچے۔ شرما نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے افسران نے پورے انتخابی عمل کا مذاق بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوم گارڈ کی ٹیبل پر کئی پوسٹل بیلٹ پیپر یوں ہی پڑے ہونا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Dec 2018, 8:58 AM