پہلگام حملے کے بعد سرحدی کشیدگی، ایل او سی پر فائرنگ جاری، سکیورٹی اقدامات سخت
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حالات مسلسل کشیدہ ہیں۔ پاکستانی فوج نے ہفتے کو لگاتار نویں دن بھی بلااشتعال فائرنگ کی، جس کا ہندوستانی افواج نے بھرپور جواب دیا

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حالات مسلسل کشیدہ ہیں۔ پاکستانی فوج نے ہفتے کو لگاتار نویں دن بھی بلااشتعال فائرنگ کی، جس کا ہندوستانی افواج نے بھرپور جواب دیا۔ دفاعی ذرائع کے مطابق 2 اور 3 مئی کی درمیانی شب کپواڑہ، اڑی اور اکھنور کے سیکٹروں میں پاکستانی افواج کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم دونوں جانب سے تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یہ واقعات اس المناک حملے کے بعد سامنے آ رہے ہیں جو 22 اپریل کو پہلگام کے بیسرن علاقے میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے 26 افراد کو قتل کر دیا، جن میں 25 سیاح اور ایک مقامی شہری شامل تھا۔ اس حملے کے بعد ملک گیر سطح پر غم و غصہ دیکھنے میں آیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے حامیوں اور سہولت کاروں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ پیر کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم سے 40 منٹ طویل ملاقات کی، جس میں فوج کی تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس سے قبل انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ لی۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی سری نگر میں بری فوج کے سربراہ جنرل اوپندر دویدی سے ملاقات کی اور وادی میں سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ پیر کو جموں و کشمیر اسمبلی نے متفقہ طور پر پہلگام حملے کی مذمت کی اور ایک قرار داد منظور کی۔ سیاسی قیادت اور عوامی نمائندوں نے کہا ہے کہ تشدد کے خلاف متحد ہو کر کارروائی کرنا ہوگی۔
دوسری طرف ہندوستان نے کئی سخت اقدامات کیے ہیں۔ اٹاری-واگھہ سرحد کو بند کر دیا گیا ہے، پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے، سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا گیا ہے اور پاکستانی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔ اس کے جواب میں پاکستان نے شملہ معاہدے کو تسلیم نہ کرنے اور ایل او سی کو نظر انداز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔