پوسٹ آفس میں کروڑوں کا گھپلہ

اب تک چار سو سے زیادہ افراد سامنے آچکے ہیں، جن کے اکاؤنٹ سے پیسہ نکلا ہے۔ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جار ہا ہے کہ یہ گھپلہ 5 کروڑ روپے سے زائد کاہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھنڈ: مدھیہ پردیش کے بھنڈ میں پوسٹ آفس کے اکاؤنٹ ہولڈروں کے اکاؤنٹ سے فکسڈ ڈپوزٹ (ایف ڈی) اور رینک رنگ (آر ڈی) کا پیسہ ایک ایجنٹ کے ذریعہ نکالنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈاک سپرنٹنڈنٹ نےاس گھپلہ کی تفتیش شروع کرادی ہے۔ چھ رکنی ٹیم اس گھپلہ کی جانچ رپورٹ سات دنوں کے اندر پیش کرے گی۔ اکاؤنٹ ہولڈروں کے مطابق اب تک چار سو سے زیادہ افراد سامنے آچکے ہیں، جن کے اکاؤنٹ سے پیسہ نکلا ہے۔ اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جار ہا ہے کہ یہ گھپلہ 5 کروڑ روپے سے زائد کاہے۔

اس معاملہ میں، کل شام ٹیم کے ممبران گلہ منڈی ڈاک گھر پہنچے اور انہوں نے تفتیش کے لئے تمام ریکارڈ ضبط کر لئے۔دوسری طرف، دھوکہ دہی سے متاثر اکاؤنٹ ہولڈروں نے کلکٹر ڈاکٹر الیا راجاٹی کو ایک میمورنڈم دیا جس میں انہوں نے مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اطلاع ملی ہے کہ بے بی جین پوسٹ آفس کی ایجنٹ ہیں، لیکن ان کاپورا کام ان کے شوہر رمیش چندر جین اور ان کے 2 لڑکےدیپک اور مونو جین دیکھتے ہیں۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 400 سے زائد اکاؤنٹ ہولڈروں کو اطلاع دئے بغیر ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکال لی۔ جب لوگوں کو معلوم ہوا توانہوں نے رمیش چندر کی تلاش شروع کردی، لیکن وہ نہیں ملا۔ جس کے بعد لوگوں نے رمیش چندر کے خلاف امانت میں خیانت کا معاملہ درج کرنے کے لئےپولس اسٹیشن میں درخواست دی۔ بھنڈ کلکٹر الیا راجا ٹی نے بتایا کہ پوسٹ آفس میں ہوئی بدعنوانی کے سلسلے میں لوگوں نے شکایت کی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ کو معاملہ کی تفتیش کرانے کو کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ،اے ایس پی راجندر ورما کو رمیش چندر کو تلاش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جلد ہی اس معاملہ کی مکمل تفتیش کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔