بنگال میں انتخابات کے بعد پُر تشدد واقعات کا سلسلہ جاری

لوک سبھا انتخابات کے بعد سے ہی مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں، بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے ورکروں کے درمیان جھڑپ میں ایک کی موت اور کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: لوک سبھا انتخابات کے بعد سے ہی مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں، بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے ورکروں کے درمیان جھڑپ میں ایک کی موت اور کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

ترنمو ل کانگریس نے الزام عاید کیا ہے کہ بی جے پی نے انتخابات کے بعد کئی علاقوں میں ترنمول کانگریس کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق بی جے پی ورکروں نے کوچ بہار، ٹیٹا گڑھ، شمالی 24 پرگنہ اور نیو ٹاؤن علاقے میں ترنمول کانگریس کے ورکروں کی پٹائی کی ہے۔


ترنمول کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ کوچ بہار ضلع کے مہیش کوچی، رام پور، سالباڑی میں بی جے پی ورکروں نے ترنمول کانگریس کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی ہے۔ ترنمول کانگریس کے سیتال کوچی بلاک کے صدر عابد علی میاں نے کہا کہ جب سے ریزلٹ آئے ہیں بی جے پی ورکروں نے ہمارے دفاتر میں توڑ پھوڑ کرنا شروع کردیا ہے۔ کوچ بہار میں ترنمول کانگریس کے امیدوار کو بی جے پی کے نیسیت پرمانک نے شکست دی ہے۔ مانک پہلے ترنمول کانگریس کے لیڈر تھے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

دوسری طرف بی جے پی نے الزام عاید کیا ہے کہ کوچ بہار میں ترنمول کانگریس کے ورکروں نے بی جے پی لیڈروں پر حملے کیے جارہے ہیں۔ بی جے پی نے الزام عاید کیا ہے کہ ہماری پارٹی کے اقلیتی طبقے کے لیڈروں پر بھی حملے ہو رہے ہیں۔


بانکوڑہ میں بی جے پی لیڈر نے الزام عاید کیا ہے کہ اس کے ایک ورکرکو گولی مار دی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر ویکانندا پاترا نے کہا کہ جب فتح کا جلوس نکالا جارہا تھا اس وقت بی جے پی لیڈر بدیوت داس پر حملہ کیا گیا۔ بانکوڑہ کے ضلع ایس پی کوٹیشور راؤ نے کہا کہ دونوں پارٹیوں نے شکایت درج کرائی ہے مگر حالات کنٹرول میں ہے۔

ندیا ضلع میں ایک نوجوان کو گولی ماردی گئی ہے۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا ہے کہ مہلوک نوجوان کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ دوسری جانب شمالی 24 پرگنہ میں بی جے پی لیڈر ارجن سنگھ کی جیت کے بعد سے کانکی ناڑہ میں تشدد کے واقعات ہو رہے ہیں، اور یہ فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کرلیا ہے۔


بارکپور لوک سبھا حلقے سے بی جے پی کے ارجن سنگھ نے ترنمول کانگریس کے دنیش ترویدی کو شکست دی ہے۔ ارجن سنگھ ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر چار مرتبہ ممبراسمبلی رہ چکے ہیں۔ لوک سبھا حلقے سے ٹکٹ نہیں ملنے سے مایوس ہوکر انہوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

بھانگر میں بھی تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ سی پی ایم لیڈر سوجن چکرورتی نے الزام عاید کیا ہے کہ ترنمول لیڈر عرب الاسلام کے حامی حملہ کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 May 2019, 9:10 AM