پورٹ بلیئر کا نام بدل کر ’شری وجئے پورم‘ کیا گیا، امت شاہ نے کہا ’غلامی کا ایک اور نشان مٹا دیا گیا‘

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا کہنا ہے کہ وجئے پورم تحریک آزادی میں حاصل کی گئی جیت اور اس میں انڈمان و نکوبار الجزائر کے غیر معمولی کردار کی علامت ہے۔

امت شاہ، تصویر یو این آئی
امت شاہ، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزارت داخلہ نے مزید ایک مقام کا نام تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وہ جگہ ہے انڈمان نکوبار الجزائر کی راجدھانی پورٹ بلیئر۔ اس کا نام بدل کر اب ’شری وجئے پورم‘ رکھ دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جانکاری دی ہے۔ انھوں نے اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کے ویزن کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملک کو نوآبادیاتی شناخت سے آزاد کرنے کے لیے ہم نے پورٹ بلیئر کا نام بدل کر شری وجئے پورم کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اب غلامی کا ایک اور نشان مٹا دیا گیا ہے۔‘‘

امت شاہ کا کہنا ہے کہ پہلے کے نام میں نوآبادیات کی وراثت موجود تھی۔ شری وجئے پورم تحریک آزادی میں حاصل کی گئی فتح اور اس میں انڈمان و نکوبار الجزائر کے غیر معمولی کردار کی علامت ہے۔ انڈمان و نکوبار الجزائر کا ہماری تحریک آزادی اور تاریخ میں غیر معمولی مقام ہے۔ یہ جزیرہ جو کبھی چول سلطنت  کے بحریہ اڈے کی شکل میں کام کرتا تھا، آج ہماری اسٹریٹجک اور ترقیاتی امنگوں کے لیے اہم بنیاد بننے کے لیے تیار ہے۔ یہ وہ جگہ بھی ہے جہاں نیتاجی سبھاش چندر بوس نے ترنگے کو پہلی بار لہرایا تھا اور وہ سیلولر جیل بھی ہے جہاں ویر ساورکر اور دیگر مجاہدین آزادی نے ایک آزاد ملک کے لیے جدوجہد کی تھی۔


پورٹ بلیئر کا نام بدل کر ’شری وجئے پورم‘ کیے جانے پر مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’پورٹ بلیئر انگریزوں کا دیا ہوا نام ہے، پورٹ بلیئر نوآبادیاتی نام تھا۔ پورٹ بلیئر میں انگریز کالے پانی کی سزا والے قیدیوں پر مظالم کرتے تھے۔ اس کا نیا نام ’شری وجئے پورم‘ تحریک آزادی کی یاد میں ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’انگریزوں کو بھگانے کا کام ہم لوگوں نے کیا، مہاتما گاندھی اور بھیم راؤ امبیڈکر نے انگریزوں کے خلاف جنگ لڑی۔ امت شاہ کا یہ فیصلہ ایک قابل تحسین قدم ہے۔ ہم اس قدم کی حمایت کرتے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ مرکزی حکومت انڈمان نکوبار میں موجود جزیروں کے نام لگاتار بدل رہی ہے۔ پہلے مرکزی حکومت نے روس آئلینڈ کا نام بدل کر نیتاجی سبھاش چندر بوس جزیرہ رکھا، پھر نیل آئی لینڈ کو شہید جزیرہ اور ہیولاک آئلینڈ کو سوراج جزیرہ نام دیا گیا۔ اس کے بعد مرکز کے زیر انتظام خطہ انڈمان نکوبار جزیرہ کے گروپ میں موجود 21 جزیروں کے نام پرم ویر چکر فاتحین کے نام پر رکھا گیا۔ ’پراکرم دیوس‘ (یومِ جانبازی) کے موقع پر پی ایم مودی نے باضابطہ طور پر اس کی شروعات کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔