2021 کی مردم شماری ہوگی ڈیجیٹل، موبائل ایپ کا کیا جائے گا استعمال

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز دہلی میں ’جن گننا بھون‘ کی بنیاد رکھی اور اس دوران جانکاری دی کہ 2021 کی مردم شماری موبائل ایپ کے ذریعہ کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بتایا کہ 2021 کی مردم شماری موبائل ایپ کے ذریعہ ہوگی۔ اس سے کاغذ سے ڈیجیٹل مردم شماری کی طرف جانے میں مدد ملے گی۔ یہ جانکاری امت شاہ نے دہلی میں ’جن گننا بھون‘ (مردم شماری عمارت) کی بنیاد رکھنے کے دوران دی۔


مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک ایسا انتظام لایا جائے گا جس میں اگر کسی شخص کی موت ہو جاتی ہے تو یہ جانکاری خود بہ خود ہی آبادی میں اَپ ڈیٹ ہو جائے گی۔ امت شاہ نے کہا کہ سال 1865 میں سب سے پہلی مردم شماری کی گئی تب سے لے کر آج 16ویں مردم شماری ہونے جا رہی ہے۔ کئی بدلاؤ اور نئے اصول کے بعد آج مردم شماری ڈیجیٹل ہونے جا رہی ہے۔

امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ مرکزی حکومت نے 2021 کی مردم شماری کے ساتھ ساتھ این پی آر (قومی آبادی رجسٹر) کی تیاری پر 12 ہزار کروڑ روپے خرچ کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 2011 کی مردم شماری کاغذ پر مبنی تھی۔


مرکزی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ سبھی شہریوں کے لیے ایک کثیر مقصدی شناختی کارڈ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس میں آدھار، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور بینک اکاؤنٹ جیسی سبھی سہولیات موجود ہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ آدھار، پاسپورٹ، بینک اکاؤنٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ووٹر کارڈ جیسی سبھی سہولیات کے لیے ایک ہی کارڈ ہو سکتا ہے۔ ایسا ممکن ہے اور اس سمت میں غور کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔