جھارکھنڈ میں 30 نومبر سے پانچ مرحلوں میں پولنگ، 23 دسمبر کو ووٹ شماری

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات پانچ مرحلوں میں 30 نومبر سے 20 دسمبر تک منعقد ہوں گے اور ووٹ شماری 23 دسمبر کو ہوگی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات پانچ مرحلوں میں 30 نومبر سے 20 دسمبر تک منعقد ہوں گے اور ووٹ شماری 23 دسمبر کو ہوگی۔ چیف الیکشن کمیشنر سنیل آروڑہ نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس میں انتخابی پروگرام کا اعلان کیا  اسی کے ساتھ ریاست میں مثالی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوگیا۔

ریاستی اسمبلی کی 81 سیٹوں میں سے 13 کے لیے پہلے مرحلے کی پولنگ 30 نومبر کو ہوگی دوسرے مرحلے میں 20 سیٹوں کے لیے پولنگ 7 دسمبر ، تیسرے مرحلے میں17 سیٹوں کے لیے 12 دسمبر، چوتھے مرحلے میں 15 سیٹوں کے لیے 16 دسمبر اور پانچویں اور آخری مرحلے میں 16 سیٹوں کے لیے 20 دسمبر کوووٹ ڈالے جائیں گے۔ووٹوں کی گنتی 23 دسمبر کو ہوگی اورانتخابی عمل 29 دسمبر کو ختم ہوجائے گی۔ ریاستی اسمبلی کی مدت کار 5 جنوری تک ہے۔


مسٹر آروڑہ نے بتایاکہ پہلے مرحلے کا نوٹیفکیشن چھ نومبر کو جاری کیا جائے گا، پرچہ نامزدگی کی آخری تاریخ 13 نومبر، پرچہ نامزدگی کے کاغذات کی جانچ 14 نومبر کو ہوگی اور نام واپسی کی آخری تاریخ 16 نومبر ہوگی۔

دوسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن 11 نومبر کوجاری ہوگا۔ پرچہ نامزدگی کے کاغذات بھرنے کی تاریخ 18 نومبر ہوگی ۔پرچہ نامزدگی کے کاغذات کی جانچ 19 نومبر اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ 21 نومبر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن 16 نومبر کو، پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 نومبر، پرچہ نامزدگی کے کاغذات کی جانچ 26 نومبر کو اور نام واپسی کی آخری تاریخ 28 نومبر ہوگی۔

چوتھے مرحلے کا نوٹیفکیشن 22 نومبر کو جاری ہوگا۔ پرچہ نامزدگی 29 نومبر تک بھرے جا سکیں گے جبکہ پرچہ نامزدگی کے کاغذات کی جانچ 30 نومبر کو اور نام واپس لینے کی آخری تاریخ 02 دسمبر ہوگی۔ پانچویں اورآخری مرحلے کے لیے نوٹیفکیشن 26 نومبر کو، پرچہ نامزدگی 3 دسمبر تک بھرے جاسکیں گے۔ پرچہ نامزدگی کے کاغذات 04 دسمبر اور 06 دسمبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔


اروڑہ نے بتایا کہ ریاست میں 2 کروڑ 26 لاکھ، 17ہزار 612 ووٹر ہیں جن کے لیے اس مرتبہ 20 فیصد سے زیادہ پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں فوج کے سروس ووٹر، 41 ہزار 336 ہیں۔ اسمبلی میں شیڈول کاسٹ (ایس سی ) کے لیے 9 اور شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) کے لیے 28 سیٹیں محفوظ ہیں۔ ریاست میں کل 29 ہزار 464 پولنگ مراکز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست 32 سیٹیں ماؤنواز(نکسل) سے متاثر علاقوں میں ہیں جن میں 13 بے حد متاثر ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ بزرگ اور معذوررائے دہندگان کے لیے پولنگ مراکز پر مخصوص سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Nov 2019, 8:11 PM