چھٹے مرحلے کے لئے ووٹنگ شروع، وزیر اعلی کی سیٹ پر بھی ہو رہی ہے ووٹنگ

یوپی میں اب تک 57 اضلاع کی 292 سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہےاور اب صرف ایک مرحلہ کے لئے ووٹنگ ہو نا بچی ہے جو سات مارچ کو ہوگی ۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں چھٹے مرحلے کے لئے ووٹنگ شروع ہو گئی ہے ۔ واضح رہے اس مرحلے میں دس اضلاع میں 57 سیٹوں کے لئے وٹنگ ہو رہی ہے ۔ اس مرحلے میں انتخابی میدان میں 676 امیدوار وں کی قسمت کا فیصلہ ہو نا ہے۔

یہ مرحلہ اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ وزیر اعلی کے اسمبلی حلقہ گورکھپور میں بھی آج ووٹنگ ہو رہی ہے ۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ جو پہلی مرتبہ اسمبلی کے لئے چناؤ لڑ رہے ہیں ان کی قسمت کا فیصلہ آج ای وی ایم میں بند ہو جائے گا۔ بی جے پی سے سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئے سابق وزیر سوامی پرساد موریہ کی فاضل نگر سیٹ اور کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی اور ریاستی صدر اجے کمار للو کی تمکوہیراج سیٹ پر بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔


واضح رہے کہ یوپی میں اب تک 57 ضلعوں کی 292 سیٹوں پر پولنگ ہو چکی ہے۔ اب صرف ایک مرحلہ کے لئے ووٹنگ ہو نا بچی ہے اور وہ سات مارچ کو ہوگی ۔ جن 57 سیٹوں پرآج ووٹنگ ہو رہی ہے ان میں کٹیہرہ، ٹانڈا، بیریا، اعلیٰ پور، چوری چورا، بانس گاؤں، شہرت گڑھ، کپل وستو، بنسی، ایٹاوا، ڈمریاگنج، ہریا، کپتان گنج، ردولی، کشی نگر، ہاٹا، رام کولا، بستی صدر، مہادیوا، پھیپھنا، بلیا نگر، مہندوئی، خلیل آباد، رسارا، دھنگھاٹا، فریندا، نوتنوا، تمکوہی راج، فاضل نگر، رودرپور، دیوریا، سسوا، مہاراج گنج، پنیارا، کیمپیا گنج، پپرائچ، سہجنواں، کھجانی، چلّوپار، کھڈا، پڈرونا، پٹھاردیوا، رام پور کارخانہ، بھاٹ پر رانی، سلیم پور، بہراج، بیلتھرا روڈ اور سکندر پور شامل ہیں۔

آج کے مرحلے میں 8 سیٹیں بہت اہم ہیں جن میں کٹیہری، اکبر پور، نوتنواں، گورکھپور شہر، چلوپار،، پڈرونا، تمکوہیراج، فاضل نگر سیٹ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یوگی آدتیہ ناتھ (بی جے پی) کی گورکھپور شہر اور اجے کمار للو (کانگریس) کی تمکوہیراج سیٹ وی آئی پی ہیں۔ واضح رہے کہ چھٹے مرحلے کی 57 سیٹوں میں سے 37 سیٹوں کے انتخابی حلقے انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں اور انھیں ریڈ الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ریڈ الرٹ ان انتخابی حلقوں کے لیے جاری کیا جاتا ہے جہاں تین یا اس سے زیادہ امیدوار مجرمانہ ریکارڈ کے ساتھ انتخابی میدان میں اترتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔