چھاتروں کی گونج: جیتو پٹواری نے اندور سے بھوپال تک ’سائیکل یاترا‘ کا کیا آغاز، نئی نسل کو جوڑنے کا ہدف
راہل گاندھی کی مہم ’چھاتروں کی گونج‘ کے تحت منعقدہ اس پروگرام کی قیادت مدھیہ پردیش کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری خود کر رہے ہیں۔

مدھیہ پردیش کانگریس کے ذریعہ اندور سے بھوپال تک ایک خصوصی ’سائیکل یاترا‘ کا آج سے آغاز کیا گیا ہے۔ یہ یاترا نیٹ-یوجی امتحان میں بے ضابطگی، سی بی ایس ای امتحان میں بے ضابطگی، پیپر لیک اور بڑھتی بے روزگاری جیسے سنگین مسئلوں کے خلاف نکالی جا رہی ہے۔ راہل گاندھی کی مہم ’چھاتروں کی گونج‘ کے تحت منعقدہ اس پروگرام کی قیادت مدھیہ پردیش کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری خود کر رہے ہیں۔ وہ بذات خود سائیکل چلاتے ہوئے 2 دنوں میں اندور سے بھوپال تک کا سفر طے کریں گے۔ اس سائیکل یاترا کا مقصد نوجوانوں کو بیدار کرنا اور ان کے والدین سے رابطہ قائم کرنا ہے۔
یہ سائیکل یاترا آج 14 جولائی کو صبح تقریباً 8 بجے اندور میں دیوی اہلیا یونیورسٹی (ڈی اے وی وی) کے قریب واقع آر این ٹی (رابندر ناتھ ٹیگور) مارگ سے شروع ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ اندور کا یہ علاقہ تعلیمی اداروں کا سب سے بڑا مرکز مانا جاتا ہے۔ کانگریس نے اس مقام کا انتخاب خصوصی طور پر کیا، تاکہ یہاں سے طلباء کی پریشانیوں اور حکومت کی بے ضابطگیوں کی وجہ سے مسلسل ہو رہے پیپر لیک کے معاملے کو لے کر ایک بڑا اور موثر پیغام دیا جا سکے۔ اندور سے بھوپال کے راستے میں آنے والے ہر ضلعے سے تقریباً 500 ’سائیکل یاتری‘ اس یاترا میں شامل ہوتے جائیں گے۔ اس طرح سے اندور، دیواس، سیہور اور بھوپال ضلع کو ملا کر مجموعی طور پر 2000 سے زیادہ سائیکل یاتریوں کا ایک بڑا قافلہ تیار ہوگا۔
جیتو پٹواری ان سبھی ساتھی یاتریوں کے ساتھ سائیکل چلاتے ہوئے بھوپال پہنچیں گے۔ اس 2 روزہ یاترا کے لیے اندور سے بھوپال تک ساتھ چلنے والے سائیکل مسافروں کی باضابطہ فہرست تیار کی جائے گی۔ اس پوری مہم میں سیاسی کارکنان کے ساتھ ساتھ اندور کے مشہور سائیکل ریسر گروپ اور مختلف فٹنیس کلبوں کے اراکین بھی حصہ لے رہے ہیں، اور یہ سبھی جیتو پٹواری کے ساتھ بھوپال تک کا سفر طے کریں گے۔ اندور سے شروع ہونے کے بعد آج پہلے دن یاترا ضلع سیہور کے قصبہ اشٹا میں اختتام پذیر ہوگی۔ سبھی یاتری آج رات اشٹا کے گوکل دھام میریج گارڈن میں آرام کریں گے۔ اس کے بعد اگلے دن یعنی 15 جولائی کو کوٹھری قصبے سے اس سائیکل یاترا کے دوسرے مرحلے کی شروعات کی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
