یوگی کے دہلی آنے سے سیاسی ماحول گرمایا ، آج کریں گے مودی سے ملاقات

اترپردیش میں پارٹی کا ریاستی حکومت کے ساتھ کوآرڈینیشن اور آئندہ کابینہ میں توسیع کے سلسلے میں پارٹی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کر نے کے لئے یوگی دہلی آئے ہیں۔

وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیرداخلہ امت شاہ کی ملاقات، تصویر یو این آئی
وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیرداخلہ امت شاہ کی ملاقات، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں سیاسی ہنگامہ کی خبروں کے درمیان وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اچانک کل دارالحکومت دہلی پہنچ گئے اور ان کے دہلی پہنچتے ہی دہلی کا سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے۔ دہلی پہنچنے پر کل انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور وزیر اعلی آج وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا سے ملاقات کرسکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کی قیادت کے مطالبہ پر سہ پہر دارالحکومت پہنچے اور کچھ ہی دیر بعد وہ 6 اے کرشنا مینن مارگ پر وزیر داخلہ مسٹر شاہ کی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں ان دونوں کی لمبی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اترپردیش میں پارٹی تنظیم اور ریاستی حکومت کے مابین کوآرڈینیشن اور آئندہ کابینہ میں توسیع کے سلسلے میں پارٹی کی قومی قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کر نے کے لئے یوگی دہلی آئے ہیں ۔ یوگی آ دتیہ ناتھ کا دہلی میں آنے کا سیدھا مطلب ہے کہ بی جے پی کی اعلی قیادت نے انہیں مجبور کیا ہےاور اس سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو اپنی کرسی بچانے کے لئےکافی کچھ کرنا پڑ سکتا ہے۔


واضح رہے وزیر اعلی کی قیادت پر کورونا وبا کی دوسری لہر کےدوران خراب انتظامات اور پنچایت انتخابات میں شکست کو لے کر کئی طرح کےسوال کھڑے ہو ئے ہیں ۔ اس کی بھی چرچا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی وزیر اعلی سے اس لئے بھی ناراض ہیں کیونکہ وزیر اعلی نے اروند شرما کو کابینہ میں شامل نہیں کیا ۔ ادھر اتر پردیش میں براہمنوں اور راجپوتوں میں بھی ٹھنی ہوئی ہے۔

توقع ہے کہ پارٹی کی شبیہ بہتر بنانے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوگا اور اگلے سال کے شروع میں ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل کارکنوں میں اعتماد اور جوش و جذبہ پیدا کرنے کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کی بھی امید ہے۔ ریاست میں کووڈ 19 وبا کی صورتحال اور ویکسینیشن مہم کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔