بہار میں ’شراب بندی‘ کا پولیس والوں نے ہی بنا دیا مذاق، 3 پولیس جوان اور 4 شراب کاروباری گرفتار
بیگوسرائے میں شراب کے خلاف سخت کارروائی دیکھنے کو ملی ہے۔ 7 لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے، جن میں 3 پولیس اہلکار ہیں۔ زیر حراست ٹائیگر موبائل پولیس اہلکاروں پر شراب تاجروں سے سانٹھ گانٹھ کا الزام ہے۔

بہار میں یوں تو مکمل طور پر شراب بندی ہے، اکثر زہریلی شراب سے لوگوں کی ہلاکت یا شراب سے بھری ہوئی گاڑیاں ضبط کیے جانے کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ شراب کی اسمگلنگ میں پولیس اہلکار بھی مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ کچھ ایسا ہی بیگوسرائے میں دیکھنے کو ملا جہاں پولیس خود ہی شراب کی سپلایر بنی ہوئی تھی۔ یہاں پولیس کی دیکھ ریکھ میں شراب فروخت کی جا رہی تھی، اور اس معاملے میں 3 پولیس جوانوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ٹائیگر موبائل پولیس کے 3 جوانوں کو شراب کے کاروبار سے جڑے ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ساتھ ہی ٹائیگر موبائل کی نشاندہی پر 4 شراب کاروباریوں کو بھی پولیس نے گرفت میں لے لیا ہے۔ ان کے پاس سے پولیس نے کثیر مقدار میں انگریزی شراب برآمد کی ہے۔ بیگوسرائے میں شراب کے خلاف پولیس کی اس بڑی کارروائی نے پولیس محکمہ کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ مجموعی طور پر گرفتار 4 افراد سے پوچھ تاچھ چل رہی ہے اور معاملے کی تحقیقات بھی شروع ہو چکی ہے۔ حراست میں لیے گئے ٹائیگر موبائل پولیس اہلکاروں پر شراب کاروباری سے سانٹھ گانٹھ کا سنگین الزام عائد کیا جا رہا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ پکڑے گئے افراد میں بکھری تھانہ حلقہ کے گوریاری باشندہ امیش سہنی کے بیٹے راجہ کمار سمیت دیگر ملزمین شامل ہیں۔ ان کے پاس سے پولیس نے بڑی مقدار میں شراب برآمد کی ہے۔ اس سلسلے میں بکھری ڈی ایس پی کندن کمار نے بتایا کہ بکھری پولیس کو یہ جانکاری ملی تھی کہ بکھری اسٹیشن کے پاس شراب سے لدی ایک پِک اَپ جا رہی ہے۔ اس سے شراب کی فروخت کی اطلاع ملی، جس کے بعد بکھری تھانہ کی پولیس اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچی۔ موقع پر پہنچی پولیس ٹیم نے پایا کہ شراب پِک اَپ گاڑی کے پاس ٹائیگر موبائل پولیس موجود ہے۔ موقع پر پہنچتے ہی ٹائیگر موبائل کی پولیس وہاں سے کھسکنے لگی۔ اس کے بعد پولیس نے ٹائیگر موبائل کی صورت حال کو مشتبہ پاتے ہوئے سبھی ٹائیگر موبائل کو تھانہ لایا گیا۔ ڈی ایس پی نے بتایا کہ ٹائیگر موبائل سے پوچھ تاچھ اور ان کے موبائل میں موجود تفصیلات کی بنیاد پر 4 شراب کاروباریوں کو پکڑا گیا۔ ان کے پاس سے پولیس نے مجموعی طور پر 25 لیٹر انگریزی شراب، 17500 روپے نقد اور 8 موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ پکڑے گئے شراب کاروباریوں نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ ان کی بات چیت ٹائیگر موبائل سے ہوا کرتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔