ہٹیا-پٹنہ ایکسپریس سے اغوا کوچ اٹینڈنٹ کو پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی چھڑایا، اسلحہ کے ساتھ ایک ملزم گرفتار

کچھ نامعلوم جرائم پیشوں نے کوچ اٹینڈنٹ راکیش کمار کو ٹرین سے باہر کھینچ کر پستول کے زور پر اغوا کر لیا تھا۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی جی آر پی، آر پی ایف اور مقامی تھانہ کی ٹیمیں حرکت میں آ گئیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: ہفتہ کے روز پٹنہ ریلوے زون میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ہٹیا-پٹنہ ایکسپریس سے ایک کوچ اٹینڈنٹ کے اغوا کی خبر سامنے آئی۔ واقعہ کے فوراً بعد ریلوے انتظامیہ اور مقامی پولیس میں ہلچل مچ گئی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوراً حرکت میں آ گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ہٹیا-پٹنہ ایکسپریس کے ’بی 5‘ اے سی کوچ میں تعینات راکیش کمار، جو مغربی بنگال کے رہائشی ہیں، کو باڑھ ریلوے سیکشن کے قریب اس وقت اغوا کر لیا گیا جب ٹرین وہاں سے گزر رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق کچھ نامعلوم افراد نے کوچ اٹینڈنٹ کو زبردستی ٹرین سے نیچے کھینچا اور پستول کے زور پر اغوا کر لیا۔

جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع ریلوے کنٹرول روم کو ملی، جی آر پی، آر پی ایف اور مقامی پولیس تھانے کی ٹیمیں فوری طور پر حرکت میں آ گئیں۔ پولیس کی تیز رفتاری اور موثر حکمتِ عملی سے چند گھنٹوں کے اندر ہی مغوی راکیش کمار کو ہاتھیدہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک سے بحفاظت برآمد کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس واردات میں شراب مافیا ملوث تھے۔ ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے اور کئی اہم سراغ بھی ملے ہیں۔ پولیس ان سراغوں کی بنیاد پر دیگر مفرور ملزمان کی تلاش میں چھاپے ماری کر رہی ہے۔


اس واقعہ کے بعد ریلوے مسافروں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے، وہیں ریلوے انتظامیہ نے ٹرینوں کی سیکورٹی بڑھانے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ اغوا معاملہ پر ریلوے پولیس کے ایک سینئر افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے معاملے کو حل کر لیا ہے اور مغوی کو محفوظ حالت میں بازیاب کروا لیا ہے۔ تفتیش جاری ہے، جلد ہی باقی مجرموں کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔