بہار: بی جے پی امیدوار رما دیوی کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری، کئی لاکھ نقدی برآمد

بہار کے شیوہر لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی امیدوار رما دیوی کے کچھ ٹھکانوں پر چھاپہ ماری ہوئی ہے۔ اس چھاپہ ماری میں کئی لاکھ کی نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی امیدواروں پر لوک سبھا الیکشن میں پیسوں کی طاقت پر ووٹ خریدنے کے الزامات عائد ہوتے رہے ہیں۔ کچھ چھاپوں میں بی جے پی امیدواروں کے پاس سے لاکھوں کی نقدی برآمد بھی ہوئی ہیں۔ تازہ معاملہ شیوہر کا ہے جہاں اس پارلیمانی سیٹ سے بی جے پی امیدوار کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی گئی۔ اس دوران تقریباً 4 لاکھ 11 ہزار روپے برآمد کیے گئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شیوہر سیٹ سے بی جے پی امیدوار رَما دیوی کے پاس سے یہ پیسے برآمد کیے گئے ہیں۔ رما دیوی کا دفتر موتیہاری کے چھتونی واقع ایک ہوٹل میں ہے جہاں دیر رات پولس اور انتظامیہ کی ٹیم نے چھاپہ ماری کی ہے۔

چھاپہ ماری میں بی جے پی امیدوار رما دیوی کے کمرے سے چار لاکھ سے زیادہ کی نقدی ملی ہے۔ انتظامیہ نے برآمد نقدی ضبط کر معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ رما دیوی کے علاوہ آر ایل ایس پی امیدوار آکاش سنگھ کے ہوٹل کی بھی پولس نے تلاشی لی ہے۔ حالانکہ ان کے پاس سے کسی طرح کا کوئی سامان یا نقدی برآمد نہیں کی گئی ہے۔


قابل غور ہے کہ چھٹے مرحلے کے لیے اتوار کو ووٹنگ ہونی ہے۔ اس مرحلہ میں بہار کے آٹھ پارلیمانی حلقوں میں بھی ووٹ ڈالے جائیں گے جس میں شیوہر اور مشرقی چمپارن لوک سبھا سیٹ بھی شامل ہے۔ شیوہر لوک سبھا بھی موتیہاری ضلع میں آتا ہے۔ شیوہر سے بی جے پی کی امیدوار رما دیوی نے موتیہاری واقع اپنے ایک رشتہ دار کے ہوٹل میں اپنا دفتر بنایا ہوا ہے۔ ریاستی انتظامیہ کو خبر ملی تھی کہ رما دیوی نوٹ کے بدلے ووٹ خریدنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہیں۔ اس کے بعد انتظامیہ کی طرف سے ان کے کمرے کی جانچ کی گئی جس میں 4 لاکھ سے زائد روپے برآمد ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جمعرات کو مغربی بنگال کے گھاٹال سے بی جے پی کی امیدوار بھارتی گھوش کی کار سے ایک لاکھ سے زائد کی نقدی برآمد ہوئی تھی۔ انتخابی کمیشن کے ضابطوں کے مطابق انتخاب کے دوران کوئی بھی امیدوار 50 ہزار روپے سے زیادہ کی رقم اپنے ساتھ نہیں رکھ سکتا۔ اس سے زیادہ نقد رقم پائے جانے پر اسے وضاحت پیش کرنی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 May 2019, 5:10 PM