یوگی راج میں ڈائل-100 کا برا حال، پولس کی رشوت خوری عروج پر

شاملی میں ایک سڑک حادثہ کے بعد سمجھوتے کے نام پر ڈائل-100 کے دو پولس والوں نے ایک کسان سے 2 ہزار روپے بطور رشوت لے لئے، واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر ایس پی شاملی نے ملزم کانسٹیبل کو معطل کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

آس محمد کیف

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا ڈریم پروجیکٹ کہے جانے والی ڈائل-100 سروس اب غلط وجوہات سے زیر بحث ہے اور اس پر مسلسل بدعنوانی کے الزامات لگ رہے ہیں۔ حزب اختلاف کا الزام ہے کہ اتر پردیش میں اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈائل 100 کو نظر انداز کیا جا رہے، یہی وجہ ہے کہ ایک بہتر مقصد کے لئے شروع کی گئی سروس اب لوگوں کے استحصال کا باعث بن چکی ہے۔

تازہ معاملہ شاملی ضلع کے جھنجھانا قصبہ کا ہے۔ یہاں ڈائل 100 پر تعینات دو سپاہیوں نے ایک ایکسیڈنٹ کے معاملہ میں سمجھوتے کے نام پر ایک کسان پر دباؤ بنا کر دو ہزار روپے بطور رشوت اینٹھ لئے۔ کسان نے اپنے فون پر اس پورے واقعہ کی ویڈیو ریکارڈ کر لی۔ جس کے بعد ایس پی شاملی نے ملزم سپاہی کو معطل کر دیا۔


واقعہ کے مطابق 20 جون کو جھنجھانا روڈ پر ایک ماروتی کار کی ٹریکٹر سے ٹکر ہو گئی تھی۔ کار اور ٹریکٹر کے ڈرائیور پڑوس کے ہی گاؤں کے رہائشی تھے۔ کار کے ڈرائیور جابر رانا کے مطابق دونوں فریقین میں آپسی بات چیت ہو گئی تھی جس میں کسی بھی طرح کی قانونی کارروائی کرنے کے حق میں کوئی بھی نہیں تھا۔ اچانک وہاں ڈائل 100 کی ایک گاڑی پہنچ گئی۔ عموماً ڈائل 100 کو اطلاع دے کر بلایا جاتا ہے لیکن اس معاملہ میں کسی بھی فریق نے کال نہیں کی تھی۔

چشمدیدوں کے مطابق ڈائل 100 کے ہیڈ کانسٹیبل کنور پال سنگھ اور ہوم گارڈ نریندر نروال ڈیوٹی پر تھے۔ انہوں نے ٹریکٹر کے ڈرائیور منا اور جابر رانا پر تھانہ میں چل کر بات کرنے کا دباؤ بنایا۔ اس کے بعد سمجھوتہ کرانے کی بات کہہ کر معاملہ رفع دفع کر دیا اور ان سے دو ہزار روپے اینٹھ لئے۔ اس پورے واقعہ کو ایک شخص نے اپنے موبائل میں ریکارڈ کر لیا۔ ویڈیو میں سپاہی رشوت کے لئے مول بھاؤ کرتا نظر آ رہا ہے۔ علاوہ ازیں رعب ڈالنے کے لئے قابل اعتراض الفاظ کا بھی استعمال کرتا ہے۔


ڈائل 100 کی بدعنوانی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ سماجوادی پارٹی کے صوبائی سکریٹری منیش اگروال کے مطابق یہ واقعہ صوبہ کے نظم و نسق کا حقیقی چہرہ نمایاں کرتا ہے جسے فرضی انکاؤنٹر کے شور میں چھپایا جا رہا ہے۔

بہر حال واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آناً فاناً میں شاملی کے پولس کپتان اجے کمار نے ہیڈ کانسٹیبل کنور پال سنگھ کو فوری اثر سے معطل کر دیا۔ ایس پی شاملی کے مطابق اس واقعہ سے محکمہ پولس کی شبیہ کو زک پہنچی ہے۔ اس معاملے میں ضروری کارروائی کی گئی ہے اور قصورواروں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Jun 2019, 4:10 PM