’ڈریم 11‘ پر 1.5 کروڑ روپے جیتنے والا پولیس اہلکار معطل، ڈیوٹی کے دوران لاپروائی کا الزام

سَب انسپکٹر سومناتھ جھینڈے پمپری-چنچواڑ پولیس کمشنریٹ میں تعینات تھے، پمپری-چنچواڑ پولیس کمشنریٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سومناتھ جھینڈے کو معطل کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ڈریم 11، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ڈریم 11، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان میں کھیلے جا رہے کرکٹ عالمی کپ 2023 کو لے کر پوری دنیا میں خمار دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ہندوستان میں کرکٹ شیدائیوں کی ایک بڑی تعداد ہے، اس لیے کرکٹ کا خمار ہندوستانیوں میں کچھ زیادہ ہی ہے۔ مختلف آن لائن گیمنگ ایپ پر آن لائن سٹہ بازی بھی خوب ہو رہی ہے۔ مہاراشٹر میں پونے پولیس کے ایک سَب انسپکٹر سومناتھ جھینڈے بھی کرکٹ کے اس خمار میں ڈوبے دکھائی دے رہے ہیں، لیکن اس کا خمیازہ انھیں اپنی معطلی کی شکل میں بھگتنا پڑا ہے۔

دراصل سَب انسپکٹر سومناتھ جھینڈے نے انگلینڈ اور بنگلہ دیش میچ کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے جیت کر خوب سرخیاں بٹوری تھیں۔ لیکن یہ خوشی زیادہ دیر نہیں رہی، کیونکہ انھیں پولیس محکمہ کے ذریعہ معطل کر دیا گیا ہے۔ سَب انسپکٹر (پی ایس آئی) سومناتھ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پمپری-چنچواڑ پولیس کمشنریٹ میں تعینات تھے۔ اس پولیس کمشنریٹ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سومناتھ کو معطل کر دیا گیا ہے۔


پونے کے پمپری-چنچواڑ پولیس کے سینئر افسر نے ایک میڈیا چینل کو بتایا کہ پی ایس آئی سومناتھ جھینڈے کی جانچ ڈی سی پی رینک کے افسر کو سونپی گئی تھی۔ اس میں انتظامی و قانونی پہلوؤں کی جانچ کی گئی۔ جانچ میں پایا گیا کہ سومناتھ جھینڈے نے ڈیوٹی پر لاپروائی کی، یعنی وہ ڈیوٹی کے دوران سٹہ بازی میں مصروف تھا۔

دراصل سومناتھ نے مہاراشٹر پولیس کے سول سروس کنڈکٹ رول کی خلاف ورزی کی ہے جس کے مطابق پولیس اہلکار کو یہ بتانا ہوتا ہے کہ پولیس کی ملازمت کے علاوہ وہ ایسے کسی کام میں مصروف ہے جس سے اس کی اضافی آمدنی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ انعام جیتنے کے بعد خاکی وردی میں انٹرویو دے کر ’ڈریم 11‘ کی تشہیر کرنے اور سٹہ بازی کو فروغ دینے کا بھی ان پر الزام لگا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔