دہلی میں پولیس انکاونٹر، سِگما گینگ کے 4 ارکان ہلاک، بہار انتخابات میں دہشت پھیلانے کی تھی کوشش!
انکاونٹر کے دوران دہلی پولیس کرائم برانچ کے انسپکٹر اروند، ایس آئی منیش اور ایس آئی نوین سمیت چار افسران کو ان کی بلٹ پروف جیکٹ میں گولیاں لگی ہیں

قومی راجدھانی کے روہنی میں دہلی پولیس اور بہار پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 4 بدنام زمانہ بد معاش مارے گئے ہیں جن میں گینگ لیڈر رنجن پاٹھک بھی شامل تھا۔ بہار کے ڈی جی پی نے ’آج تک‘ کو بتایا کہ یہ گینگ بہار انتخابات کے دوران دہشت پھیلانے کی سازش کر رہا تھا۔ رنجن پاٹھک اور اس کا گینگ سگما اینڈ کمپنی گزشتہ 6 سالوں میں بہارکے سیتا مڑھی اور آس پاس کے علاقوں میں کئی بڑے جرائم کو انجام دے چکا ہے۔
بہار کے ڈی جی پی نے بتایا کہ یہ گروہ انتخابات کے دوران بڑے جرائم کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ رنجن پاٹھک اور اس کے ساتھی کرائے کے قاتل کے طور پر کام کرتے تھے۔ سیتا مڑھی پولیس کافی دنوں سے ان کی تلاش میں تھی۔ ڈی جی پی نے کہا کہ رنجن اور اس کا گینگ پانچ بڑے قتل کو انجام دے کر علاقے میں دہشت پھیلا تا رہا۔ ہر قتل کے بعد عوام میں خوف و ہراس اور غصہ پیدا ہوتا تھا، جو مقامی انتظامیہ کے لیے ایک اہم چیلنج تھا۔
یہ گینگ سگما اینڈ کمپنی کے نام سے جانا جاتا تھا۔ حال ہی میں اس گینگ نے گنیش شرما کا قتل کیا تھا۔ گنیش شرما اس علاقے میں برہمرشی سماج کے ضلع صدر تھے، ان کے قتل سے برادری میں کشیدگی پھیل گئی تھی۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ یہ گینگ قتل کے بعد دہلی میں جاکر چھپ جاتا ہے۔ اس اطلاع کی بنیاد پر بہار پولس نے دہلی پولیس کی کرائم برانچ سے رابطہ کیا اور کارروائی کو انجام دیا۔ رنجن پاٹھک اور اس کا گینگ طویل عرصے سے بہار پولیس کے لیے ایک سنگین چیلنج بنا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گینگ دہلی میں موجود ہے۔ اس کے بعد دہلی اور بہار کی پولیس نے 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی رات تقریباً 2.20 بجے بتائی گئی جگہ پر پہنچ گئی اور چیکنگ شروع کی۔ یہ بہادر شاہ مارگ پر ڈاکٹر امبیڈ کر چوک سے پنسالی چوک کے درمیان اس کارروائی کو انجام دیا گیا۔ موقع پر بدمعاش پہنچے مگر پولیس کو دیکھ کرفرارہونے لگے۔
پولیس نے بدمعاشوں کا تعاقب کیا۔ ایک دوسرے پر فائرنگ شروع ہوگئی۔ اس دوران پولیس اور بد معاشوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں چاروں بدمعاش شدید طورسے زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے روہنی کے ڈاکٹر بی ایس اے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ انکاونٹر کے دوران دہلی پولیس کرائم برانچ کے انسپکٹر اروند، ایس آئی منیش اور ایس آئی نوین سمیت چار افسران کو ان کی بلٹ پروف جیکٹ میں گولیاں لگی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔