امریکی ٹیرف پر وزیر اعظم کی خاموشی معیشت کے لیے خطرہ: پون کھیڑا

کانگریس رہنما پون کھیڑا نے امریکی ٹیرف پر وزیر اعظم کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ معیشت اور شیئر بازار میں عوامی اعتماد برقرار رکھنے کے لیے فوری بیان ضروری ہے

<div class="paragraphs"><p>کانگریس لیڈر پون کھیڑا / قومی آواز / وپن</p></div>

کانگریس لیڈر پون کھیڑا / قومی آواز / وپن

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہندوستان سمیت کئی ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد ملک کی سیاسی فضا میں نئی ہلچل مچ گئی ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما پون کھیڑا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے بڑی تشویش یہی ہے کہ اس حساس مسئلے پر ملک کے وزیر اعظم خاموش ہیں۔

پون کھیڑا نے کہا کہ امریکہ کھلے عام ہمارے ملک، ہماری معیشت اور ہمارے شیئر بازار کا مذاق اُڑا رہا ہے، لیکن وزیر اعظم کی طرف سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے کئی اہم ممالک جیسے کینیڈا، چین، تائیوان، برطانیہ، یورپی یونین نے اپنے اپنے طریقوں سے امریکہ کے فیصلے کا جواب دیا ہے یا اس کی تیاری کر رہے ہیں، مگر ہندوستان کی جانب سے اب تک کوئی واضح پالیسی یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

کانگریس رہنما نے سوال کیا کہ آخر امریکی ٹیرف کے خلاف ہندوستان کی حکمت عملی کیا ہے؟ نہ عوام کو معلوم ہے، نہ اپوزیشن کو، اور نہ ہی پارلیمنٹ کو۔ ان کے مطابق یہ معاملہ صرف اقتصادیات تک محدود نہیں بلکہ قومی خودمختاری، برآمدات، سرمایہ کاری اور عام آدمی کی روزمرہ زندگی سے جڑا ہوا ہے۔


پون کھیڑا نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر عوام کو اعتماد میں لیں، کوئی واضح بیان دیں تاکہ معیشت اور شیئر بازار پر عوام کا بھروسہ قائم رہے۔ ان کے مطابق خاموشی کسی صورت میں مناسب نہیں، کیونکہ اس سے غیر یقینی کی صورت حال پیدا ہو رہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہو رہا ہے۔

اس کے علاوہ پون کھیڑا نے کانگریس کی آئندہ ورکنگ کمیٹی میٹنگ اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے کنونشن پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی اجلاس ہونے جا رہا ہے، جس کے اثرات بھی تاریخی ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج ملک میں مایوسی اور غیر یقینی کا ماحول ہے، اور کانگریس اس ماحول سے نپٹنے کے لیے اپنی مکمل ذمہ داری نبھانے کو تیار ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر 26 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا ہے، جب کہ چین پر 34 فیصد، یورپی یونین پر 20 فیصد، جنوبی کوریا پر 25 فیصد، جاپان پر 24 فیصد، ویتنام پر 46 فیصد اور تائیوان پر 32 فیصد ٹیرف عائد کیے گئے ہیں۔

چین نے اس کے جواب میں امریکہ پر 34 فیصد جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس طرح کی ٹیرف وار سے اشیاء مہنگی ہوں گی، خریداری میں کمی آئے گی اور اس سے عالمی معیشت کی رفتار سست پڑ سکتی ہے، جس کا براہ راست اثر سرمایہ کاروں کے اعتماد پر بھی پڑے گا۔

پون کھیڑا نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب ہندوستان کو مضبوط اور متحرک قیادت کی ضرورت ہے، جو عالمی سطح پر اپنے موقف کا کھل کر اظہار کرے، نہ کہ خاموشی اختیار کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔