مودی کے لئے سی بی آئی انتقام لینے کا ہتھیار: راہل

راہل نے کہا کہ سی بی آئی کے خلاف ایک تاجر سے رشوت لینے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ مودی جانچ ایجنسیوں کا استعمال سیاسی مفادات کو پورا کرنے کے لئے کرر ہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سی بی آئی کے دوسرے سب سے اعلی افسر کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے پر کانگریس صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کیا اور الزام لگایا کہ ان کی قیادت میں سیاسی انتقام لینے کے لئے سی بی آئی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

کانگریس صدر نے کہا کہ سی بی آئی کے دوسرے سب سے بڑے افسر راکیش استھانا کے خلاف ایک تاجر سے رشوت لینے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے، ا س سے ثابت ہوگیا ہے کہ مودی جانچ ایجنسیوں کا استعمال سیاسی مفادات کو پورا کرنے کے لئے کرر ہے ہیں۔

راہل گاندھی نے اس معاملہ پر پیر کی صبح ایک ٹوئٹ کیا جس کے کچھ گھنٹوں بعد ہی یہ خبر منظر عام پر آئی کہ سی بی آئی نے اپنے ہی ایک افسر کو بدعنوانی معاملہ میں گرفتار کر لیا ہے۔

سی بی آئی نے اپنے ہی ڈپٹی ایس پی دیوندر کمار کو گوشت کے کاروباری معین قریشی کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔ دیویندر کو معین قریشی سے تعلقات کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔ دیویندر کمار سی بی آئی کے خصوصی ڈائریکٹر راکیش استھانا کے بدعنوانی معاملہ میں ملزم ہیں۔ سی بی آئی نے راکیش استھانا سمیت کئی افراد کے خلاف رشوت لینے کے الزام میں ایف آئی درج کی ہوئی ہے۔

قبل ازیں، راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا ’’وزیر اعظم کے پسندیدہ گجرات کیڈر کے افسر، گودھرا ایس آئی ٹی میں مشہور، سی بی آئی میں جبراً دوسرے اعلی ترین عہدہ پر قبضہ کرنے والے، اب رشوت خوری کے معاملے میں پھنس گئے ہیں۔ وزیر اعظم کی قیادت میں سی بی آئی سیاسی انتقام لینے کا ہتھیار بن گئی ہے۔ اس ادارہ کی ساکھ مسلسل گررہی ہے اور اب یہ اپنی لڑائی خود لڑ رہا ہے۔‘‘

سی بی آئی خصوصی اسپیشل ڈائریکٹر کے خلاف گوشت کاروباری معین قریشی سے رشوت لینے کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ سی بی آئی نے اپنے ہیڈکوارٹر میں تعینات دوسرے سب سے اعلی افسر کے خلاف رشوت خوری کے معاملے میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

اس دوران راجستھان ریاستی کانگریس کے صدر سچن پائلٹ نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ اس ایف آئی آر نے سی بی آئی کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کو تحفظ فراہم کرنے والی سی بی آئی اب کس منہ سے بدعنوان لوگوں کے خلاف کام کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Oct 2018, 6:09 PM