مودی نے سی بی آئی کی آزادی میں آخری کیل ٹھونک دی: سرجے والا

وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی اہم جانچ ایجنسی کی آزادی میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، کیا یہ قدم رافیل معاملے کو دبانے کےلئے اٹھایا گیا ہے، سرجے والا کا سوال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے دو اعلی افسروں کے خلاف اٹھائے گئے قدم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی اہم جانچ ایجنسی کی آزادی میں آخری کیل ٹھونک دی ہے اور سوال کیا کہ کیا یہ قدم رافیل معاملے کو دبانے کےلئے اٹھایا گیا ہے۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کو ٹویٹ کر کے کہا،’’مودی نے سی بی آئی کی آزادی میں آخری کیل ٹھونک دی اور اسی کے ساتھ اس ایجنسی کے اعتماد ، غیر جانبداری اور ایمانداری کے خاتمے کو یقینی بنا دیا ہے۔‘‘

سرجے والا نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے اہم ’مودی میڈ گجرات ماڈل‘ کا سچا رنگ دکھا دیا۔انہوں نے کہا، ’’سی بی آئی ڈائیریکٹر آلوک ورما کو وزیراعظم براہ راست طورپر برخاست نہیں کرسکتے تھے اس لئے خاموشی سے اور خفیہ طریقےسے اس کام کو انجام دینا چاہتے تھے۔مختلف سنگین مجرمانہ معاملوں کی جانچ میں رکاوٹ ڈالنے کی بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی حکومت کی عادت کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔کیا مسٹر ورما کو رافیل گھوٹالے کی کی پرت در پرت جانچ کرنے میں دلچسپی دکھانے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے؟اس کے بعد جو ہوا وہ کیا سب کچھ ڈھکنے کے لئے یہ ایک اوچھا قدم نہیں ہے؟‘‘

قابل ذکر ہےکہ سی بی آئی میں اندرونی ٹکراؤ کے پیش نظر حکومت نے جانچ ایجنسی کے ڈائیریکٹر آلوک ورما اور خصوصی ڈائیریکٹر راکیش استھانا کو چھٹی پر بھیج دیا ہے اور جوائنٹ ڈائیریکٹر ایم ناگیشور راو کو فوری اثر سے عبوری ڈائریکٹرمقرر کردیا ہے۔ عملے کے محکمے کی جانب سے منگل کی رات جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مسٹر راو فوری اثر سے ڈائیریکٹر کا کام کاج سنبھالیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔