گجرات میں وزیر اعظم مودی کی حفاظت صرف خواتین اہلکاروں کے سپرد

یوم خواتین کے موقع پر گجرات کے نوساری ضلع میں وزیر اعظم مودی کے پروگرام کی سکیورٹی مکمل طور پر خواتین پولیس اہلکاروں کے سپرد کی گئی، جس میں 2100 کانسٹیبل سمیت تمام رینک کی خواتین پولیس اہلکار شامل ہیں

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گاندھی نگر: بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر ہفتہ کو گجرات کے نوساری ضلع میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام کی سکیورٹی مکمل طور پر خواتین پولیس اہلکاروں کے سپرد کی گئی۔ گجرات کے وزیر مملکت برائے داخلہ ہریش سنگھوی نے اعلان کیا کہ یہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی وزیر اعظم کے پروگرام کی سکیورٹی کی مکمل ذمہ داری صرف خواتین پولیس اہلکاروں کو سونپی گئی ہے۔

انہوں نے کہا، "بین الاقوامی یومِ خواتین کے موقع پر گجرات پولیس ایک منفرد پہل کر رہی ہے۔ وزیر اعظم کے وانسی بورسی گاؤں میں آمد سے لے کر پروگرام کے اختتام تک تمام سکیورٹی امور خواتین پولیس افسران ہی سنبھالیں گی۔"

سکیورٹی میں بھارتی پولیس سروس (آئی پی ایس) افسران سے لے کر کانسٹیبل تک تمام رینک کی خواتین اہلکار شامل ہیں۔ اس تعیناتی میں 2,100 سے زائد کانسٹیبل، 187 سب انسپکٹر، 61 انسپکٹر، 16 ڈی ایس پی، پانچ ایس پی، ایک آئی جی اور ایک ایڈیشنل ڈی جی شامل ہیں۔


سینئر آئی پی ایس افسر اور داخلہ سیکریٹری نپون توراونے سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے اور اس اقدام کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعظم مودی اس وقت گجرات اور مرکز کے زیر انتظام علاقے دادر اور نگر حویلی کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ ہفتہ کو وہ وانسی بورسی گاؤں میں 'لکھ پتی دیدی کانفرنس' سے خطاب کریں گے۔

ہریش سنگھوی نے کہا کہ یہ اقدام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کو ایک مضبوط پیغام دے گا اور گجرات میں سکیورٹی امور میں خواتین کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔

وزیر اعظم ریاست کی دو اہم اسکیموں - 'جی-سپھل' (آنتودیہ خاندانوں کی معاشی ترقی کے لیے گجرات کی اسکیم) اور 'جی-میتری' (دیہی آمدنی میں اضافہ کے لیے سرپرستی اور معاونت) کا بھی افتتاح کریں گے۔ ان اسکیموں کا مقصد دیہی معاش کو مستحکم کرنا اور خواتین کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانا ہے۔

جی-میتری اسکیم کا مقصد ان اسٹارٹ اپس کو فروغ دینا ہے جو مالی مدد کے ذریعے دیہی معیشت کو مستحکم بنانے میں معاون ہوں گے۔ دوسری جانب، 'جی-سپھل' اسکیم دو پسماندہ اضلاع اور 13 ترقیاتی بلاکس پر مرکوز ہوگی، جہاں خواتین کے زیر انتظام سیلف ہیلپ گروپس کو مالی امداد اور کاروباری تربیت فراہم کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔