ہفتہ کو ’دیدی کے بنگال‘ پہنچیں گے پی ایم مودی، 7800 کروڑ روپے کے منصوبوں کی دیں گے سوغات

پی ایم مودی ہوڑہ ریلوے اسٹیشن پر ہوڑہ کو نیو جلپائی گوڑی سے جوڑنے والی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو جب ہری جھنڈی دکھائیں گے تو یہ شمال مشرق کی پہلی وَندے بھارت ٹرین ہوگی۔

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی 31 دسمبر یعنی ہفتہ کے روز مغربی بنگال کا دورہ کریں گے۔ ’دیدی کے بنگال‘ پہنچ کر پی ایم مودی عوام کو 7800 کروڑ روپے کی سوغات دینے والے ہیں۔ اس کے تحت وہ کئی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور کئی منصوبے ملک کو وقف بھی کریں گے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پی ایم مودی ہفتہ کی صبح تقریباً 11.15 بجے ہوڑہ ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے جہاں وہ ہوڑہ کو نیو جلپائی گوڑی سے جوڑنے والی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ وہ کولکاتا میٹرو کی ’پرپل لائن‘ کے جوکا-تاراتلا بلاک کا افتتاح بھی کریں گے اور مختلف ریل منصوبوں کی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اسے ملک کو وقف کریں گے۔

میڈیا میں آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ 12 بجے دوپہر وزیر اعظم آئی این ایس نیتا جی سبھاش پہنچیں گے جہاں ان کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی- نیشنل واٹر اینڈ سوچھتا (ڈی ایس پی ایم-نیواس) کا افتتاح کریں گے۔ وہ شفاف گنگا کے لیے قومی مشن کے تحت مغربی بنگال کے کئی سیوریج بنیادی ڈھانچہ پروجیکٹس کی سنگ بنیاد بھی رکھیں گے اور اسے ملک کو وقف کریں گے۔ دوپہر تقریباً 12.25 بجے وزیر اعظم قومی گنگا کونسل کی دوسری میٹنگ کی صدارت کریں گے۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر برائے جل شکتی، کونسل کے رکن دیگر مرکزی وزراء اور اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہوں گے۔ یعنی اس میٹنگ میں پی ایم مودی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا آمنا سامنا بھی ہوگا۔


واضح رہے کہ پی ایم مودی ہوڑہ ریلوے اسٹیشن پر ہوڑہ کو نیو جلپائی گوڑی سے جوڑنے والی ’وندے بھارت ایکسپریس‘ کو جب ہری جھنڈی دکھائیں گے تو یہ شمال مشرق کی پہلی وَندے بھارت ٹرین ہوگی۔ جدید ترین سیمی ہائی اسپیڈ یہ ٹرین جدید ترین مسافر سہولیات سے لیس ہوگی اور ٹرین دونوں سمت میں مالدہ ٹاؤن، بارسوئی اور کشن گنج اسٹیشنوں پر رکے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔