وزیر اعظم مودی کا اچانک آدم پور ایئربیس کا دورہ، پاکستانی پروپیگنڈے کو منہ توڑ جواب
وزیر اعظم مودی نے پنجاب کے آدم پور ایئربیس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایئر فورس کے جوانوں سے ملاقات کی۔ اس دورے سے پاکستان کے جھوٹے دعوے کی تردید ہو گئی

تصویر بشکریہ ایکس
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کی صبح پنجاب میں واقع آدم پور ایئربیس کا اچانک دورہ کیا۔ صبح 7 بجے دہلی کے پالم ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر وزیر اعظم آدم پور پہنچے، جہاں وہ تقریباً ایک گھنٹے تک موجود رہے۔ اس موقع پر انہوں نے فضائیہ کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے و جذبے کو سراہا۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس دورے سے متعلق تصاویر اور ایک پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’آج صبح میں آدم پور ایئرفورس اسٹیشن گیا اور ہماری دلیر فضائیہ اور فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ ان کے ساتھ وقت گزارنا ایک خاص تجربہ تھا، کیونکہ وہ بہادری، عزم اور بے خوفی کی مثال ہیں۔ ہندوستان اپنی مسلح افواج کا ہمیشہ شکر گزار ہے۔‘‘
نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ میں لکھا گیا کہ وزیر اعظم کے اس دورے نے نہ صرف ایئر فورس کے جوانوں کے حوصلے کو بلند کیا بلکہ پاکستان کے اس جھوٹے پروپیگنڈے کا بھی منہ توڑ جواب دیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے آدم پور ایئربیس پر حملہ کر کے اسے تباہ کر دیا ہے۔ تاہم، وزیر اعظم کا طیارہ جب کامیابی کے ساتھ اسی ایئربیس پر اترا تو یہ بات واضح ہو گئی کہ پاکستان کا دعویٰ مکمل طور پر جھوٹ اور افواہ پر مبنی تھا۔
خیال رہے کہ آدم ایئربیس ہندوستانی فضائیہ کے مگ 29 لڑاکا طیاروں کا اہم مرکز ہے اور اس کی جغرافیائی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے کیونکہ یہ پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ اس بیس کو دشمن پر فوری اور مؤثر حملے کے لیے جانا جاتا ہے۔
وزیر اعظم کے ساتھ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری بھی موجود تھے۔ اس دورے کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے، جس میں وزیر اعظم مودی ایئر فورس کی کیپ پہنے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر پر ایک جملہ لکھا ہے، ’دشمن کے پائلٹ کیوں چین سے نہیں سو پاتے؟ (وائی اینمی پائلٹ ڈونٹ سلیپ ویل؟)‘ یہ جملہ اس بیس کی جنگی تیاریوں اور دشمن کے خلاف برتری کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی کا یہ دورہ کئی معنوں میں اہم ہے۔ ایک جانب یہ فوج کے ساتھ ان کی یکجہتی کا اظہار ہے تو دوسری جانب یہ ملک کے عوام کو یہ پیغام دیتا ہے کہ ہندوستان کی سرزمین پوری طرح محفوظ ہے اور دشمن کی افواہوں یا جھوٹے دعووں سے نہ کبھی متاثر ہوا ہے، نہ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔