وزیراعظم مودی کا منی پور دورہ، 7 ہزار کروڑ سے زائد منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد، امن و ترقی کا عزم
وزیراعظم مودی نے منی پور کے دورے میں 7 ہزار کروڑ سے زائد منصوبوں کا افتتاح کیا و سنگ بنیاد رکھا۔ دورے کے خلاف امپھال میں کانگریس کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

وزیراعظم نریندر مودی شمال مشرقی ریاستوں کے دورے پر ہیں اور سب سے زیادہ توجہ منی پور کے دورے کو دی جا رہی ہے، جو گزشتہ دو برسوں سے تشدد اور بے چینی کی لپیٹ میں ہے۔ وزیراعظم نے اپنے تین روزہ دورے (13 تا 15 ستمبر) کا آغاز میزورم سے کیا جہاں انہوں نے کئی منصوبوں کا افتتاح کیا اور اس کے بعد وہ منی پور پہنچے جہاں امن و استحکام کی بحالی اور ترقیاتی رفتار بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
امپھال میں وزیراعظم کی آمد کے موقع پر کانگریس کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر کارکنان نے دھرنا دیا جس کے باعث اضافی سکیورٹی تعینات کرنی پڑی۔ پولیس نے مظاہرین کو ہیڈکوارٹر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔
چراچاندپور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا، ’’میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں، میں آپ کے ساتھ ہوں۔ حکومت ہند آپ کے ساتھ ہے۔ ہم مل کر زندگی کو دوبارہ معمول پر لائیں گے۔‘‘ انہوں نے بے گھر خاندانوں کے لیے 7 ہزار نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ 3 ہزار کروڑ روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج اور متاثرین کی مدد کے لیے 500 کروڑ روپے کے فنڈ کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے منی پور میں 7,300 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں 3,600 کروڑ روپے کی لاگت سے شہری سڑکوں، نکاسیٔ آب اور اثاثہ جاتی ڈھانچے میں بہتری، 2,500 کروڑ روپے کی پانچ قومی شاہراہیں، منی پور انفوٹیک ڈیولپمنٹ (ایم آئی این ڈی) پروجیکٹ اور خواتین کے لیے نو مقامات پر ہاسٹل شامل ہیں۔ امپھال میں بھی 1,200 کروڑ روپے سے زائد کی اسکیموں کا افتتاح کیا گیا جن میں منترپکھری سول سیکریٹریٹ، آئی ٹی ایس ای زیڈ بلڈنگ، نیا پولیس ہیڈکوارٹر، دہلی اور کولکاتا میں منی پور بھون اور چار اضلاع میں خواتین کے لیے مخصوص مارکیٹ شامل ہیں۔
وزیراعظم نے منی پور کے عوام کے جذبے اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 2014 کے بعد سے حکومت نے ریاست سمیت پورے شمال مشرق میں کنکٹیوٹی بہتر بنانے کو ترجیح دی ہے۔ ریلوے لائنوں کی توسیع اور دیہات تک سڑکوں کی رسائی ہمارے عزم کی جھلک ہے تاکہ اس خطے کو ترقی کے نئے دور سے جوڑا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔