پنجاب: پی ایم مودی 5 جنوری کو 43000 کروڑ روپے کے پرجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے

ہندوستان میں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی کوششوں کے تحت پنجاب میں بھی مختلف قومی شاہراہوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: وزیر اعظم نریندر مودی 5 جنوری کو پنجاب آئیں گے اور فیروز پور میں 100 بستروں پر مشتمل پی جی آئی سیٹلائٹ سینٹر سمیت ریاست میں 42750 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک بڑی ریلی سے خطاب کریں گے، مرکزی زرعی قوانین منسوخ کرنے کے بعد پی ایم مودی کا پنجاب کا یہ پہلا دورہ ہوگا، پی ایم مودی فیروز پور میں 490 کروڑ روپے کی لاگت کے 25 ایکڑ رقبے میں مجوزہ 100 بستروں والے پی جی آئی سیٹلائٹ سینٹر اور تقریباََ 410 کروڑ روپے روپے مکیریاں-تلواڑہ 27 کلومیٹر لمبی نئی براڈ گیج ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس ریل لائن سے ننگل ڈیم- دولت پور چوک ریلوے سیکشن کو توسیع دی جائے گی۔ اس کے علاوہ تقریباً 39500 کروڑ روپے کی لاگت سے 669 کلومیٹر طویل دہلی-امرتسر-کٹرا ایکسپریس وے 1700 کروڑ روپے لاگت سے 77 کلومیٹر لمبی امرتسر-اونا شاہراہ کی فور لین اور کپورتھلا اور ہوشیار پور میں 325 کروڑ روپے کی لاگت سے 100 بستروں پر مشتمل نئے میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

ملک بھرمیں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی حکومت کی کوششوں کے تحت پنجاب میں بھی مختلف قومی شاہراہوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ریاست میں سنہ 2014 میں قومی شاہراہوں کی لمبائی جہاں 1700 کلومیٹر تھی۔ جو کہ سنہ 2021 میں بڑھ کر 4100 کلومیٹر ہو گئی ۔ انہی کوششوں کو مزید جاری رکھتے ہوئے وزیر اعظم ریاست میں دو اہم سڑکوں کی راہداریوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دہلی-امرتسر- کٹرا ایکسپریس وے کی تعمیر سے دہلی سے امرتسر اور امرتسر سے کٹرا کا سفر آدھے وقت میں طے کیا جائے گا۔


یہ گرین فیلڈ ایکسپریس وے سکھوں کے مذہبی مقامات سلطان پور لودھی، گوندوال صاحب، کھڈور صاحب، ترن تارن اور کٹرا میں ہندوؤں کی مقدس عبادت گاہ ویشنو دیوی کو جوڑے گا۔ یہ ایکسپریس وے ہریانہ، چندی گڑھ، پنجاب اور جموں و کشمیر کے بڑے صنعتی شہروں یعنی انبالہ، چندی گڑھ، موہالی، سنگرور، پٹیالہ، لدھیانہ، جالندھر، کپورتھلا، کٹھوعہ اور سانبہ کو بھی جوڑے گا ۔ وہیں امرتسر-اونا سیکشن کو فور لین بنایا جائے گا، جو کہ شمالی پنجاب اور ہماچل پردیش کے درمیان امرتسر سے بھوٹا راہداری کا حصہ ہے۔

وہیں مکیریاں -تلواڑہ ریل لائن ننگل ڈیم- دولت پور چوک ریلوے سیکشن کی توسیع ہوگی، جو مکیریاں اسٹریٹجک اہمیت کے تحت میکریاں میں موجودہ جالندھر-جموں ریلوے لائن سے جڑ کر جموں و کشمیر کے متبادل راستے کے طور پر کام کرے گی ۔ یہ پروجیکٹ پنجاب کے ہوشیار پور اور ہماچل پردیش کے اونا کے لوگوں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اس سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور پہاڑی مقامات کے ساتھ ساتھ مذہبی اہمیت کے مقامات تک آسان کنیکٹیوٹی کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔


پی ایم مودی فیروز پور میں ایک ریلی کے ذریعے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحادی پنجاب لوک کانگریس ( پی ایل سی ) اور شرومنی اکالی دل (متحدہ) کی ریاست میں انتخابی مہم کا آغاز بھی کریں گے۔ ان کے ساتھ سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور سابق مرکزی وزیر سکھ دیو سنگھ ڈھنڈسا اور دیگر کئی سینئر لیڈر اسٹیج پر نظر آئیں گے۔

وہیں وزیر اعظم اور ریلی کو سیکورٹی کے نقطہ نظر سے ناقابل تسخیر بنانے کے لیے مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں، مقامی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف کسان تنظیموں کی جانب سے ریلی کی مخالفت کرنے کے اعلان کے بعد امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ریلی کے راستوں پر ناکہ بندی کے علاوہ سینئر پولیس افسروں اور تقریباً 10 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ آسمان سے ہر کونے پر نظر رکھنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔