ٹرمپ کی فون کال پر وزیر اعظم مودی کا شکریہ، کہا- ’دہشت گردی کے خلاف ہم ایک ہیں‘

دیوالي پر امریکی صدر ٹرمپ کی فون پر مبارکباد کے بعد وزیر اعظم مودی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، تاہم حکومت ہند نے روسی تیل پر گفتگو کی تصدیق نہیں کلی ہے

<div class="paragraphs"><p>وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کی فائل تصویر / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیوالی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کر کے تہنیتی پیغام دیا۔ اس گفتگو کے بعد وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا، ’’صدر ٹرمپ، آپ کے فون کال اور دیوالی کی نیک تمناؤں کے لیے شکریہ۔ روشنی کے اس تہوار پر ہمارے دونوں عظیم جمہوریتیں دنیا کو امید کی کرن فراہم کرتی رہیں اور دہشت گردی کے تمام مظاہر کے خلاف متحد کھڑی رہیں۔‘‘

ٹرمپ نے اس سے قبل وہائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی دیوالی تقریب کی میزبانی کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی مودی سے فون پر بات ہوئی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، ’’میں نے آج ہی آپ کے وزیر اعظم سے بات کی۔ ہماری بہت اچھی گفتگو ہوئی۔ ہم نے تجارت سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘

تاہم ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہندوستان روس سے مزید تیل نہیں خریدے گا۔ ٹرمپ نے کہا، ’’ہمارے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں اور وہ اب روس سے زیادہ تیل نہیں خریدیں گے۔ انہوں نے پہلے ہی خرید میں کمی کر دی ہے اور وہ اس میں مزید کمی لانے پر راضی ہیں۔‘‘


خیال رہے کہ ہندوستان نے بارہا یہ واضح کیا ہے کہ اس کی توانائی پالیسی قومی مفاد پر مبنی ہے اور کسی بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوگی۔ وزارت خارجہ نے ماضی میں بھی کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں روسی تیل کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

وزیر اعظم مودی کی حالیہ ایکس پوسٹ میں بھی اس بات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا کہ روسی تیل کی خرید پر بات ہوئی ہو۔ انہوں نے صرف دیوالی کی مبارکباد اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ موقف پر زور دیا۔ مودی کے الفاظ میں، ’’ہماری دو جمہوریتیں دنیا میں امن، ترقی اور روشنی کی علامت ہیں۔‘‘

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک باضابطہ وضاحت سامنے آ سکتی ہے تاکہ واضح کیا جا سکے کہ فون کال کے دوران روسی تیل کی خرید پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔